Gas Leakage Web ad 1

عید قربان میں گوشت کی حفاظت کیسے: ماہرین نے فریزر کے متبادل بتا دئیے

0

شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے گوشت کو محفوظ رکھنا شہریوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بنا دیا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گوشت دھونے کے بعد اسے صاف کپڑے سے اچھی طرح خشک کیا جائے اور پھر چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر ایئر ٹائٹ ڈبوں یا پلاسٹک بیگز میں رکھ کر فریزر میں محفوظ کیا جائے۔

ڈاکٹرز کے مطابق اگر قربانی کے بعد گوشت کو دھو کر اچھی طرح خشک نہ کیا جائے اور فریزر میں رکھنے میں تاخیر کی جائے تو اس کے خراب ہونے کے امکانات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔

طبی ماہرین نے بتایا کہ اکثر خواتین محلے یا عزیز و اقارب سے ملنے والا گوشت عام پلاسٹک کی تھیلیوں میں رکھ دیتی ہیں، جو فریزر میں مناسب تحفظ فراہم نہیں کرتیں اور ان تھیلیوں کے باعث فریزر کی بدبو یا گیس گوشت میں منتقل ہو سکتی ہے۔

اس سے گوشت جلد خراب ہونے لگتا ہے اور اس میں زہریلے مادے (ٹاکسنز) پیدا ہو سکتے ہیں جو صحت کے لیے خطرناک ثابت ہوتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گوشت کو مہینوں تک فریز کر کے بار بار نکال کر استعمال کرنے سے معدے اور آنتوں سے متعلق مختلف بیماریاں پیدا ہو سکتی ہیں، اس لیے گوشت کو محفوظ رکھنے میں خصوصی احتیاط ضروری ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فریزر دستیاب نہ ہو تو گوشت کو برف، اسٹیل یا تھرموکول کے ڈبوں میں آئس بلاکس یا جمی ہوئی پانی کی بوتلوں کے ساتھ رکھا جا سکتا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں عارضی کولڈ اسٹوریج کی سہولت سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

ماہرین نے یہ بھی کہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق قربانی کا گوشت مستحقین اور ضرورت مندوں میں جلد از جلد تقسیم کرنا بہتر عمل ہے، تاکہ اجر بھی حاصل ہو اور گوشت ضائع ہونے سے بھی بچایا جا سکے۔

انہوں نے مزید خبردار کیا کہ فریزر میں زیادہ عرصہ رکھے گئے گوشت میں بیکٹیریا اور فنگس پیدا ہو سکتے ہیں، جو فوڈ پوائزننگ، دست، الٹی اور ہیپاٹائٹس اے جیسے انفیکشنز کا سبب بن سکتے ہیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.