دنیا کے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے لیے عید ایک ایسا مذہبی تہوار ہے جسے مختلف ممالک کے لوگ اپنے اپنے روایتی انداز میں مناتے ہیں۔
دنیا کے دیگر مذاہب کے پیروکار بھی اپنے مذہبی تہوار مقامی روایات اور انداز کے مطابق مناتے ہیں، کیونکہ مذہبی تہواروں کو اپنے ثقافتی طریقے سے منانا ایک عام روایت ہے۔
عیسائیت، یہودیت، بدھ مت اور ہندو مذہب سمیت دیگر مذاہب کے مقابلے میں اسلام کے مذہبی تہوار زیادہ تر ایک ہی دن نہیں ہوتے، کیونکہ مسلمان اپنے مذہبی دن چاند کے حساب سے مناتے ہیں۔
چونکہ دنیا کے مختلف حصوں میں وقت کا فرق موجود ہے، اسی لیے اسلامی مہینے بھی مختلف ممالک میں ایک ہی وقت میں شروع اور ختم نہیں ہوتے، جس کے باعث عید کے دنوں میں ایک یا دو دن کا فرق آ جاتا ہے۔
زیادہ تر خطوں میں عید ایک ہی دن منائی جاتی ہے، جیسے مشرق وسطیٰ کے ممالک، خلیجی ممالک، وسطی ایشیائی ممالک، افریقی ممالک اور جنوبی ایشیائی ممالک عموماً ایک ہی دن عید مناتے ہیں۔
البتہ یورپ اور امریکا کے کئی ممالک میں مسلمان مقامی کیلنڈر کے مطابق اپنے اپنے حساب سے عید مناتے ہیں۔
دنیا کے کئی اسلامی ممالک نے 2017 میں عیدالفطر 25 جون کو منائی جبکہ پاکستان سمیت جنوبی و وسطی ایشیائی ممالک اور افریقی ریاستوں کے کچھ حصوں میں 26 جون کو عید منائی گئی۔
عید کے موقع پر پاکستان سے لے کر ترکمانستان، بھارت سے گھانا تک، ترکی سے سعودی عرب تک اور امریکا سے برطانیہ تک مسلمان اپنے اپنے مقامی روایتی لباس پہن کر عید مناتے ہیں۔
عید کے دن مختلف ممالک کے لوگ منفرد انداز اختیار کرتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ وہ اپنے لباس اور انداز کے ذریعے نمایاں نظر آئیں اور ان کی ثقافت کی عکاسی ہو۔
عید کے موقع پر نہ صرف خواتین بلکہ مرد اور بچے بھی خاص لباس پہن کر منفرد نظر آنے کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ تصاویر دنیا بھر میں عید کے موقع پر مختلف ممالک کی روایات اور انداز کی عکاسی کرتی ہیں، جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ مختلف خطوں میں مسلمان عید کو کس طرح مناتے ہیں۔