میرپور میں آپریشن بنیان مرصوص کی سالگرہ بھرپور ملی جوش و جذبے سے منانے کا اعلان
ڈپٹی کمشنر چوہدری ساجد حسین نے کہا ہے کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ضلع میرپور میں “ہفتہ بنیان مرصوص” بھرپور جوش و خروش اور ملی بیداری کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ، تعلیمی اداروں اور مختلف محکموں کے تعاون سے سیمینارز، تقریبات اور مقابلہ جات کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ محکمہ صحت عامہ کے زیر اہتمام فری میڈیکل اور بلڈ ڈونیشن کیمپس بھی لگائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ امور دینیہ کے تحت مساجد اور جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں دعائیہ تقریبات منعقد ہوں گی، جبکہ محکمہ سپورٹس کھیلوں کے مقابلے کروائے گا۔ مزید برآں قومی شجرکاری مہم سمیت مختلف رنگارنگ سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ آپریشن کی فتح کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے چوک شہیداں سے قائد اعظم چوک تک پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی جائے گی اور میرپور کرکٹ اسٹیڈیم میں آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں مختلف محکموں کے افسران اور نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تقریبات کو شایان شان اور باوقار انداز میں منانے کے لیے تمام ادارے بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ضلعی سطح کے ساتھ ساتھ تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر بھی تقریبات منعقد کی جائیں، جن میں ریلیاں، سیمینارز، کانفرنسز، تقاریر، مضمون نویسی، ملی نغمے اور دیگر سرگرمیاں شامل ہوں گی تاکہ نئی نسل میں قومی شعور اور حب الوطنی کو فروغ دیا جا سکے۔