بریڈفورڈ میں آتشزدگی سے ماں اور تین بچوں کی ہلاکت، ملزم کو عمر قید کی سزا
برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے میں ایک خاتون اور ان کے تین کمسن بچے ہلاک ہوگئے، پولیس کے مطابق ملزم شراز علی نے گزشتہ سال اکیس اگست کی علی الصبح گھر پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں انتیس سالہ بریونی گاوتھ اور ان کے تین بچے نو سالہ ڈیسٹنی، پانچ سالہ آسکر اور تقریباً دو سالہ اوبری جان جان کی بازی ہار گئے، واقعے کے وقت مقتولہ کی بہن انٹونیا گاوتھ بھی گھر میں موجود تھیں جنہوں نے بتایا کہ انہوں نے ملزم کو پٹرول کا کین اور لائٹر کے ساتھ گھر کی طرف آتے دیکھا اور اسے روکنے کی کوشش کی مگر ملزم نے ان پر بھی پٹرول ڈال دیا، وہ کسی طرح جان بچا کر باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئیں جبکہ ملزم نے گھر کو آگ لگا دی جس سے پورا مکان آگ کی لپیٹ میں آ گیا، پولیس کے مطابق انٹونیا ملزم کے ساتھ سات سالہ تشدد پر مبنی تعلق ختم کرنے کے بعد اپنی بہن کے گھر رہ رہی تھیں، ڈانکاسٹر کراؤن کورٹ نے مقدمے کی سماعت کے بعد ملزم شراز علی کو قتل کے جرم میں پوری عمر قید کی سزا سنا دی ہے جس کے تحت وہ باقی زندگی جیل میں گزارے گا، عدالت کے باہر خاندان کی جانب سے جاری بیان میں انٹونیا گاوتھ نے کہا کہ انصاف ملنے کے باوجود ان کے خاندان کا نقصان کبھی پورا نہیں ہو سکتا اور ان کی بہن اور بچوں کی یاد ہمیشہ زندہ رہے گی۔