9ویں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے کھاریاں میں اختتام پذیر ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیم اسپرٹ مقابلہ 60 گھنٹوں پر مشتمل گشت پر مبنی عسکری مشق تھی، جس کا مقصد پیشہ ورانہ فوجی مہارتوں میں مؤثر اضافہ کرنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق 5 فروری 2026 سے شروع ہوئی اور پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں منعقد کی گئی، جہاں کے جغرافیائی حالات نے ایک حقیقت پسندانہ اور چیلنجنگ عملی ماحول فراہم کیا۔
راولپنڈی: روات انڈسٹریل ایریا کی فیکٹری میں لگی آگ پر 16 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا
شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے، مشق کے دوران شریک ٹیموں کے درمیان جدید خیالات اور حربی تجربات کا تبادلہ ہوا جبکہ بہترین عسکری طریقہ کار کے ذریعے باہمی سیکھنے کے مواقع فراہم کیے گئے۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے تمام ٹیموں کو خراج تحسین پیش کیا، شرکاء کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور ٹیموں کی جسمانی و ذہنی برداشت کی بھرپور تعریف کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عملی صلاحیت، جنگی مہارت اور بلند حوصلے کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں یہ اوصاف پاکستانی جوان مسلسل ثابت کر رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات دیے گئے، جبکہ بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشی بھی تقریب میں شریک تھے، جنہوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور بہترین انتظامات کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے مختلف تربیتی سرگرمیوں کا عملی مشاہدہ کیا اور نئے قائم شدہ ٹیکٹیکل سمیولیٹر کا بھی دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نے جوانوں اور تکنیکی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے روایتی تربیتی طریقوں کے ساتھ سمیولیٹر پر مبنی تربیت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔