چین نے دنیا کا سب سے بڑا الیکٹرک دریائی کارگو جہاز لانچ کردیا ہے، جو مکمل طور پر لیتھیئم بیٹریوں پر چلتا ہے اور روایتی ایندھن کا استعمال نہیں کرتا۔
چینی خبر ایجنسی شنہوا کے مطابق "گیزوبا” نامی یہ جہاز 130 میٹر لمبا ہے اور 13 ہزار ٹن تک وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسے 12 لیتھیئم بیٹری پاور یونٹس سے چلایا جاتا ہے جو مجموعی طور پر 24 ہزار کلو واٹ آور بجلی فراہم کرتے ہیں۔
27 اکتوبر کو یومِ سیاہ منانے کا اعلان
انجینیئرز کے مطابق جہاز میں تیزی سے بیٹریاں تبدیل کرنے کا نظام بھی موجود ہے، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رینج 500 کلومیٹر ہے۔ اس میں جدید اسمارٹ کنٹرول سسٹم نصب کیا گیا ہے، جس کی بدولت جہاز ریموٹ نیویگیشن اور خودکار طریقے سے لنگر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
چائنیز اکیڈمی آف انجینیئرنگ کے یِن شن پنگ کا کہنا ہے کہ اس منصوبے نے صرف ایک نئی پروڈکٹ نہیں بلکہ ایک جامع تکنیکی ترقی کی بنیاد رکھی ہے۔ اس میں بڑی بیٹریوں، ڈی سی پاور سسٹمز، ریموٹ پائلٹنگ، اور شپ ٹو شور کمیونیکیشن جیسی جدید ٹیکنالوجیز کو کامیابی سے یکجا کیا گیا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق اس جہاز کی بدولت ہر سال تقریباً 617 ٹن ایندھن کی بچت ہوگی اور کاربن کے اخراج میں 2 ہزار ٹن تک کمی واقع ہوگی، جو ماحول دوست شپنگ کی سمت ایک اہم قدم ہے۔