اسلام آباد: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے 10 اکتوبر کو امریکی سفارت خانے (امبیسی) اسلام آباد کی جانب "اقصیٰ مارچ” کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد وفاقی دارالحکومت اور گرد و نواح میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے امریکی سفارت خانے جانے والے تمام مرکزی راستے سیل کر دیے ہیں، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
حکومتی حکام کے مطابق ملک بھر میں ٹی ایل پی کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے تاکہ مارچ سے قبل کسی بھی ممکنہ قانون شکنی کو روکا جا سکے۔
مزید یہ کہ جہلم پل سمیت اہم شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کیے جا رہے ہیں۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اقصیٰ مارچ کا اعلان فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر کیا گیا ہے، تاہم سیکیورٹی ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔