آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستانی بولر نشرہ سندھو نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کے لیے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
بدھ کو آسٹریلیا کے خلاف میچ میں نشرہ سندھو نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین اہم کھلاڑیوں ایلیس پیری، انا بیل سدرلینڈ اور تاہلیہ میک گرا کو آؤٹ کیا۔
ان تین وکٹوں کے ساتھ نشرہ سندھو آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بن گئی ہیں۔ انہوں نے اب تک ورلڈ کپ کے 16 میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ سابق کپتان ثنا میر کے پاس تھا جنہوں نے 18 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
بائیں ہاتھ کی اسپنر نشرہ نے ندا ڈار کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے اور ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی جانب سے دوسری سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بن گئی ہیں۔ دونوں کے نام 108 وکٹیں درج ہیں، تاہم نشرہ نے یہ کارنامہ 78 میچوں میں جبکہ ندا ڈار نے 112 میچوں میں انجام دیا۔
پاکستان کی جانب سے ون ڈے فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں ثنا میر کے نام ہیں جنہوں نے 120 میچوں میں 151 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے اس میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 222 رنز کا ہدف دیا۔