پاکستانیوں کے لئے ایک اور ملک میں ویزا فری انٹری کی سہولت
**ڈھاکہ:** پاکستان اور بنگلہ دیش نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا فری انٹری دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ جہانگیر عالم چوہدری سے ملاقات کی۔ ڈھاکہ میں وزارت داخلہ آمد پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری کی سہولت دینے پر اتفاق کیا۔ وزرائے داخلہ نے اندرونی سیکیورٹی اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بھائی کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، اور ان کا یہ دورہ پاک بنگلہ دیش تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پولیس ٹریننگ کی پیشکش پر بھی انہوں نے وزیر داخلہ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں انسداد دہشت گردی، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
مزید برآں، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کی سربراہی پاکستان کی جانب سے وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا کریں گے۔ بنگلہ دیش کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد اسلام آباد کا دورہ کرے گا، جہاں وہ سیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا جائزہ لے گا۔