Gas Leakage Web ad 1

بھارت: منی پور میں پولیس کی مظاہرین پر فائرنگ، ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی

0

بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور کے ضلع چورا چند پور میں مظاہرین کے ایک ہجوم پر سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں، اس علاقے میں کچھ مہینوں سے پر تشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق گزشتہ مئی سے میانمار کی سرحد سے متصل ریاست میں اکثریتی برادری میتی اور اقلیتی کوکی برادریوں کے درمیان اقتصادی فوائد حاصل کرنے اور قبیلوں کے کوٹے کے حوالے سے شدید لڑائی جاری ہے جس میں اب تک تقریباً 200 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہوکر ریلیف کیمپوں میں مقیم ہیں۔

جمعرات کو جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب ضلعی پولیس نے ایک پولیس کانسٹیبل کی مسلح افراد کے ساتھ مبینہ تصاویر سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے کے بعد اس کو معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔

بعد ازاں شام ساڑھے 7 بجے تقریباً 400 افراد نے پولیس کانسٹیبل کی معطلی کے حکم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع پولیس سربراہ کے دفتر پر دھاوا بول دیا تھا۔

ہجوم نے اس کمپلیکس پر حملہ کیا جہاں شہر کے وسط میں واقع پولیس چیف کے دفتر کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ کے دفاتر بھی موجود ہیں۔

ایک سینئر پولیس اہلکار نے فون پر بتایا کہ مظاہرین گیٹ پر چڑھ گئے اور کمپلیکس کی دیواریں پھلانگ لی، کئی گاڑیوں کو نذر آتش کیا اور بعد میں رات کے وقت ڈپٹی کمشنر کی سرکاری رہائش گاہ کو بھی آگ لگادی۔

ایک اہلکار نے نام نا ظاہر کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ہجوم کو منتشر کرنے کی کوشش میں پہلے آنسو گیس فائر کیے اور پھر فائرنگ کا سہارا لیا۔

اہلکار نے بتایا کہ ان جھڑپوں میں تقریباً 25 افراد زخمی ہوئے ہیں اور تمام زخمی افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

حکام نے چورا چند پور میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز اگلے 5 دنوں کے لیے معطل کر دی ہیں۔

ایک اعلٰی قبائلی ادارے انڈیجینس ٹرائبل لیڈرز فورم (آئی ٹی ایل ایف) نے ضلع پولیس کونسٹیبل کے معطلی کا حکم جاری کرنے والے پولیس شیوانند سروے کو خبردار کیا ہے کہ وہ اگلے 24 گھنٹوں کے اندر چورا چند پور چھوڑ دیں۔

 

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.