پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان وکٹ کیپر محمد رضوان 19 اکتوبر سے خان ریسرچ لیبارٹریز کے خلاف سوئی ناردرن گیس کی قیادت کریں گے، پریذیڈنٹ ٹرافی کا یہ چار روزہ میچ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

سوئی ناردرن گیس کے ڈائریکٹر کرکٹ اور ہیڈ کوچ محمد حفیظ نے اس بات کی تصدیق کی کہ بورڈ کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کی جانب سے انہیں اس بارے میں باقاعدہ ای میل موصول ہو چکی ہے۔
خیال رہے کہ 34 سالہ محمد رضوان ان سات کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں اگست 2026 میں لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر انگلینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ 194 رنز سے ہارنے کے بعد پی سی بی نے ہنگامی بنیادوں پر پاکستان واپس بلا لیا تھا۔ بعد ازاں وکٹ کیپر کو این سی سی آئی اے میں طلب کیا گیا تھا جہاں ان کے خلاف انکوائری چل رہی ہے۔
اطلاعات ہیں کہ پاکستان کے لیے 47 ٹیسٹ، 103 ون ڈے اور 106 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے محمد رضوان اور بورڈ کے مابین معاملات بہتر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جبکہ محمد رضوان خود بھی مزید محاذ آرائی کے بجائے اپنی کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنے کے خواہش مند ہیں اور انہوں نے اس متعلق بورڈ سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت بھی مانگی تھی۔



