چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے پاکستان انڈر 19 ٹیم کی ملاقات ہوئی، جس میں پہلی مرتبہ انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ملاقات میں محسن نقوی نے انگلینڈ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی پر نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی۔
ہیڈ کوچ شاہد انور کے مطابق انگلینڈ میں عمدہ کارکردگی کے بعد چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو مدعو کیا، ان سے انفرادی ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔
کیا آپ وزن کم کرنے کےلیے انٹرمٹنٹ فاسٹنگ کررہے ہیں؟ یہ اہم باتیں ضرور جان لیں
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹس نوجوان کرکٹرز کو بہتر کارکردگی کی ترغیب دیں گے، جبکہ اچھی کارکردگی کا صلہ ملنے سے کھلاڑیوں کا اعتماد بھی بڑھے گا۔
کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں گزشتہ 2 برس کے دوران منعقد ہونے والے انڈر 19 ترقیاتی کیمپوں سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوا اور ان کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی سے ملاقات اور پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس ملنا کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
عالیان سلمان نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس سے کھلاڑیوں کا اعتماد اور حوصلہ بڑھے گا اور کرکٹرز اپنی کرکٹ پر مزید توجہ دے سکیں گے۔
جہانگیر بلال کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹس کے ذریعے نوجوان کھلاڑی اپنے اہلِ خانہ کی مالی معاونت بھی کر سکیں گے۔
رضوان اللہ نے چیئرمین پی سی بی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انعامات اور سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بڑی حوصلہ افزائی ہے۔