چین: پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے ملائیشیا کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر مینز جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
چین میں جاری مینز جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے پول بی کی مضبوط ٹیموں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کھیلے گئے میچ کے 9ویں منٹ میں ملائیشیا کے محمد صالحی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جو ہاف ٹائم تک برقرار رہی۔
پنجاب فارنزک لیب بھی میر رضا کا آئی فون نہ کھول سکی، ثبوت ملنے کی امید دم توڑ گئی
میچ کے پہلے دو کوارٹرز میں گول کرنے میں ناکام رہنے والی پاکستانی ٹیم نے تیسرے کوارٹر میں شاندار کم بیک کیا اور یکے بعد دیگرے چار گول داغ دیے۔
پاکستان کی جانب سے گول کرنے کا سلسلہ 32ویں منٹ میں شروع ہوا، جب ندیم خان نے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔ اس کے بعد 36ویں منٹ میں عبداللہ سمیع رانا نے گول کرکے پاکستان کو 1-2 کی برتری دلادی۔
پاکستان کے ولید رانا نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 39ویں اور 40ویں منٹ میں بیک ٹو بیک دو خوبصورت گول داغ کر میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط کردی۔
کھیل کے 41ویں منٹ میں علی حمزہ نے پانچواں گول کرکے اسکور 1-5 کردیا۔ میچ کے 54ویں منٹ میں ملائیشیا کے گناسیلن دھیرش نے اپنی ٹیم کی جانب سے دوسرا گول اسکور کیا، تاہم پاکستان نے میچ کے اختتام تک اپنی برتری برقرار رکھی اور 2-5 سے فتح اپنے نام کرلی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے شاندار فتح پر جونیئر ٹیم اور مینجمنٹ کو مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم آنے والے میچز میں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھے گی۔
پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی جانب سے ولید رانا نے دو گول کیے، جبکہ علی حمزہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان نے ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہتے ہوئے تیسری فتح حاصل کی ہے۔