(سٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک): فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے مراکش کو 0-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
کپتان کیلیان ایمباپے اور عثمان ڈیمبیلے کی شاندار کارکردگی کی بدولت فرانس نے مراکش کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل کے آغاز سے ہی فرانسیسی ٹیم نے کھیل پر گرفت مضبوط رکھی اور مراکش کے گول پر مسلسل حملے کیے۔ پہلے ہاف کے دوران ایمباپے کو پنالٹی ایریا میں گرائے جانے پر فرانس کو پنالٹی ملی، تاہم مراکش کے گول کیپر نے ایمباپے کی شاٹ شاندار انداز میں روک کر اپنی ٹیم کو نقصان سے بچا لیا۔ اس کے باوجود پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں اور مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
بڑے شہروں میں نائٹ پارٹیز کلچر سے ایچ آئی وی پھیل رہا ہے: وفاقی وزیر صحت کا انکشاف
دوسرے ہاف میں بھی فرانس نے جارحانہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا۔ بالآخر 60ویں منٹ میں ایمباپے نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ صرف چھ منٹ بعد 66ویں منٹ میں ڈیمبیلے نے خوبصورت گول اسکور کر کے فرانس کی برتری دوگنی کر دی۔
میچ کے 82ویں منٹ میں مراکش کو فری کک کا موقع ملا، تاہم فرانسیسی گول کیپر نے عمدہ دفاع کرتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا۔ اس کے بعد بھی مراکش کو گول کرنے کے چند مواقع ملے، لیکن وہ کوئی بھی موقع گول میں تبدیل نہ کر سکا۔
مقررہ وقت کے اختتام پر فرانس نے مراکش کو 0-2 سے شکست دے کر مسلسل تیسری مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
اس کامیابی کے ساتھ کیلیان ایمباپے نے ایک منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ رواں ورلڈ کپ میں ان کے گولوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے، جس کے بعد وہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں دو مختلف ایڈیشنز میں 8، 8 گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے 2022 میں قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں بھی مجموعی طور پر 8 گول اسکور کیے تھے۔