جدید فٹبال اسٹیڈیم اپنی شاندار تعمیرات اور جدید انجینئرنگ کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں، تاہم قدرتی حسن اور منفرد مقام کے اعتبار سے فٹبال میدان اپنی مثال آپ ہے۔
میکسیکو میں واقع یہ منفرد مٹی کا فٹبال گراؤنڈ ایک غیرفعال آتش فشاں کے اندر قائم کیا گیا ہے۔ سرسبز قدرتی مناظر سے گھرا یہ میدان ہر اتوار کو کھیلوں کے شوقین افراد سے آباد ہو جاتا ہے، جہاں سانتا سیسیلیا ٹیپیٹ لاپا قصبے کے مقامی کھلاڑی امیچور لیگ کے میچز کھیلتے ہیں۔
ٹیوکا امیچور لیگ کے نام سے مشہور اس مقابلے میں 10 ٹیمیں شامل ہیں اور ہر ٹیم قصبے کے ایک مخصوص خاندان کی نمائندگی کرتی ہے۔ لیگ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں عمر کی کوئی حد مقرر نہیں، جس کے باعث نوجوان اور بزرگ کھلاڑی ایک ہی ٹیم میں ایک ساتھ کھیلتے دکھائی دیتے ہیں۔
اگرچہ خواتین اس وقت میدان میں بطور کھلاڑی حصہ نہیں لیتیں، تاہم وہ تماشائیوں کے طور پر بھرپور جوش و خروش کے ساتھ اپنی پسندیدہ ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں اور میچوں کے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیتی ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ گراونڈ کسی خاص نظریے یا عقیدت کے تحت تعمیر نہیں کیا گیا بلکہ اس کے قیام کی وجہ عملی ضرورت تھی۔ سانتا سیسیلیا ٹیپیٹ لاپا کے اطراف بلند پہاڑی ڈھلوانوں کی وجہ سے ہموار زمین دستیاب نہیں تھی، چنانچہ قریبی غیر فعال آتش فشاں کے اندر موجود نسبتاً ہموار رقبہ فٹبال میدان کے لیے موزوں ثابت ہوا۔