ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینیٹ کو تنخواہوں اور مراعات کی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے اور سلیکشن بورڈ سمیت دیگر عہدیداروں کی مالی معلومات کو خفیہ قرار دے دیا گیا ہے۔
اسی طرح ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کے ساتھ جانے والے افراد کی فہرست بھی ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی سی بی نے اس معاملے پر سینیٹ کو اِن کیمرہ بریفنگ دینے کی پیشکش کی ہے جبکہ ہدایت اللہ کے سوال پر کابینہ ڈویژن کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور عہدیداروں سے متعلق معلومات کو حساس قرار دیا گیا ہے، اور پی سی بی کے مطابق یہ معلومات افراد کی سلامتی اور تحفظ سے جڑی ہوئی ہیں، جبکہ غیر ضروری تشہیر سے سیکیورٹی خدشات پیدا ہو سکتے ہیں، اسی لیے ادارہ اپنے کھلاڑیوں اور ملازمین کی رازداری برقرار رکھنے کا پابند ہے۔