’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی کہانی حقیقت بن گئی، شوہر نے بیوی کو طلاق دے دی، ویڈیو وائرل
بیوی کی کسی دوسرے شخص سے محبت کا علم ہونے پر شوہر نے طلاق دے دی، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین نے اسے مقبول پاکستانی ڈرامے سے جوڑ دیا۔
ویب ڈیسک: پاکستانی مقبول ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی کہانی حقیقی زندگی میں دہرائے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

24 اردو کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں ایک شوہر اپنی بیوی کو طلاق دیتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شوہر کو جب معلوم ہوا کہ اس کی اہلیہ کسی دوسرے شخص سے محبت کرتی ہے تو اس نے بیوی کو طلاق دے دی۔ شوہر نے اس پورے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی اور اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کر دی۔
اس واقعے نے مقبول پاکستانی ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی یاد تازہ کر دی، جس کی کہانی بھی ازدواجی تعلقات، محبت اور بے وفائی کے گرد گھومتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حیران کن طور پر خاتون کی زندگی میں بھی ڈرامے کے کردار شہوار احمد کی طرح ایک شخص عادل کی آمد ہوئی، جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آگیا۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے اس واقعے کا موازنہ ڈرامے کی کہانی سے کیا جا رہا ہے اور مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اور واقعے سے متعلق تفصیلات کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی، تاہم اس معاملے نے صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔



