دنانیر مبین نے ڈائمنڈ بٹر فلائی فلم فیسٹیول میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔

پاکستانی اداکارہ کو یہ اعزاز ان کی فلم ’’میرا لیاری‘‘ میں شاندار اداکاری پر دیا گیا۔ انہوں نے جمعرات کو روس کے دارالحکومت ماسکو میں منعقدہ تقریب میں ایوارڈ وصول کیا۔
فلم ’’میرا لیاری‘‘ میں دنانیر نے افسانہ نامی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے، جو لیاری میں معاشرتی پابندیوں اور والد کی مخالفت کے باوجود فٹبال کھیلنے کا خواب پورا کرنے کے لیے جدوجہد کرتی ہے۔
فلم کی کہانی ایک معذور فٹبال کوچ کے گرد گھومتی ہے، جس کا کردار عائشہ عمر نے ادا کیا ہے۔ وہ تشدد زدہ ازدواجی زندگی سے نکل کر لیاری واپس آتی ہے اور علاقے کی لڑکیوں کے لیے فٹبال ٹرائلز کا انعقاد کرتی ہے۔
اس دوران افسانہ اور کشمالہ نامی لڑکیاں، جو خاندانی پابندیوں اور جبری شادی سے بچنے کی کوشش کر رہی ہوتی ہیں، فٹبال کو اپنے خوابوں کی تعبیر کا ذریعہ بناتی ہیں اور خفیہ طور پر تربیت حاصل کرتی ہیں۔
ایوارڈ ملنے کے بعد دنانیر نے سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی فلم میں کردار ادا کرنے پر اعزاز ملنا ان کے لیے ناقابل بیان خوشی ہے، جو خواتین کی طاقت، حوصلے اور اپنے خواب پورے کرنے کے حق کو اجاگر کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی کہانیاں بیان کیا جانا ضروری ہے، خصوصاً ان خواتین کی جو معاشرتی توقعات کو چیلنج کرتی ہیں اور ایسے شعبوں میں جگہ بناتی ہیں جہاں جانے کی انہیں کبھی حوصلہ افزائی نہیں کی گئی۔
فلم کے ہدایت کار علی سجاد شاہ نے بھی دنانیر کو مبارک باد دی اور کہا کہ یہ کامیابی پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔
*پاکستان نے مسلسل دوسری مرتبہ ایوارڈ جیت لیا*
ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈز کا آغاز 2025 میں ہوا تھا۔ دنانیر کی کامیابی کے ساتھ پاکستان نے دونوں ایڈیشنز میں مسلسل دوسری مرتبہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ گزشتہ سال سونیا حسین نے فلم ’’دیمک‘‘ میں بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ جیتا تھا۔
اس ایوارڈ کی خاص بات یہ ہے کہ کامیاب فنکاروں کو 5 ہزار لیبارٹری میں تیار کردہ ہیروں سے مزین مجسمہ دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ روس کے ساخا ریپبلک کی کانوں سے حاصل کیا گیا ہیرا بھی دیا جاتا ہے۔ بہترین فلم کے فاتح کو 10 قیراط جبکہ دیگر فاتحین کو 5 قیراط کے ہیرے ملتے ہیں۔
رواں سال 19 ممالک کی 41 فلمیں مقابلے میں شامل تھیں۔ بہترین فلم کا اعزاز روسی جنگی فلم ’’اگست‘‘ نے حاصل کیا۔
*’پاوری گرل‘ سے بین الاقوامی ایوارڈ تک*
دنانیر کا تعلق پشاور کے ایک پشتون خاندان سے ہے۔ ان کے والد پاک فوج میں بریگیڈیئر رہے ہیں۔
انہیں اصل شہرت فروری 2021 میں ملی، جب نتھیا گلی میں بنائی گئی ویڈیو میں ان کا جملہ ’’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پاوری ہو رہی ہے‘‘ وائرل ہو گیا۔ اسی وجہ سے انہیں ’’پاوری گرل‘‘ کہا گیا۔
بعد میں انہوں نے 2021 میں ڈرامہ ’’صنف آہن‘‘ سے اداکاری کا آغاز کیا۔ پھر ’’محبت گمشدہ میری‘‘، ’’ویری فلمی‘‘ اور ’’میم سے محبت‘‘ میں بھی کام کیا۔
2026 میں فلم ’’میرا لیاری‘‘ سے انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور اب بہترین اداکارہ کا بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔



