امیر تبلیغی جماعت مولانا نذر الرحمان انتقال کر گئے
مولانا نذر الرحمان کچھ عرصے سے علیل تھے، نماز جنازہ اور تدفین آج رات رائے ونڈ میں ہوگی، سیاسی و مذہبی شخصیات کا اظہارِ افسوس۔
ویب ڈیسک: امیر تبلیغی جماعت مولانا نذر الرحمان انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد ملک کی سیاسی اور مذہبی شخصیات کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا نذر الرحمان کی نماز جنازہ اور تدفین آج رات رائے ونڈ میں ہوگی، جہاں تبلیغی جماعت کے اکابرین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مولانا نذر الرحمان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان اور تبلیغی جماعت کے اکابرین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مولانا نذر الرحمان نے دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے بھی امیر تبلیغی جماعت کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ مولانا نذر الرحمان کی دینی، علمی اور دعوتی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔
مولانا نذر الرحمان کے انتقال پر مختلف سیاسی اور مذہبی حلقوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔



