پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے کہا کہ ہر ایک ہزار بچوں میں سے 42 بچے پیدائش یا زندگی کے ابتدائی مراحل میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، جبکہ متعدد مائیں بھی بچوں کی پیدائش کے دوران وفات پا جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دورانِ زچگی اموات کی شرح میں کمی لانا انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کے اسپتالوں میں بستروں اور ہیلتھ کیئر ورکرز کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے، جبکہ بعض اسپتالوں میں ایک ہی بستر پر تین مریض زیرِ علاج ہیں۔
شہید میجر اور حوالدار کی نماز جنازہ ادا، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی شرکت
نگار جوہر کا کہنا تھا کہ صوبے کے 40 فیصد بچوں کی نشوونما متاثر ہو رہی ہے۔ پولیو دنیا کے بیشتر ممالک سے ختم ہو چکا ہے، تاہم پاکستان اور افغانستان ایسے ممالک ہیں جہاں اب بھی پولیو وائرس موجود ہے۔ ان کے مطابق پولیو کا خاتمہ اسی وقت ممکن ہوگا جب اس کے خلاف بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح پرائمری ہیلتھ کیئر ہے اور اس شعبے میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹائزیشن کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹائزیشن نہ ہونے کی صورت میں نظام میں خامیوں اور بے ضابطگیوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
ادویات کے معیار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے کہا کہ ادویات کا معیار بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، جس میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ادویات کے نمونے جمع کرنے اور ان کی جانچ کے لیے پانچ موبائل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز پانچ ڈویژنز کو فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں 250 نئے ڈاکٹرز بھرتی کیے گئے ہیں۔ بعض ایسے مقامات پر جہاں ڈاکٹروں کی ضرورت نہیں، وہاں ایک ہی سیٹ پر تین ڈاکٹرز تعینات ہیں، جبکہ جن شہروں میں ڈاکٹروں کی کمی ہے وہاں اس خلا کو پورا کیا جا رہا ہے۔
نگار جوہر نے کہا کہ ڈی ایچ کیو مردان کا منصوبہ 2012 میں شروع کیا گیا تھا، لیکن اب تک مکمل نہیں ہو سکا۔ ان کے مطابق خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کو فعال بنانا بھی انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین میں زچگی کے بعد اموات کے علاوہ چھاتی کے کینسر سے ہونے والی اموات بھی ایک اہم مسئلہ ہیں۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں چھاتی کے کینسر کا اب تک کوئی کیس رجسٹرڈ نہیں ہوا۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر کا کہنا تھا کہ صوبے میں ویکسین کی تیاری اور اس حوالے سے تربیت کے عمل کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔



