Gas Leakage Web ad 1

گورنر خیبرپختونخوا کا صوبے میں سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں فوری معطل کرنے کا اعلان

0

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں غیر قانونی کان کنی کے دوران ہر ماہ تقریباً 90 کلوگرام سونا نکالا جا رہا تھا، جبکہ اس غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والی رقم کا بڑا حصہ افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا۔

Gas Leakage Web ad 2

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ غیر قانونی مائننگ کے خلاف کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ اس کاروبار میں 12 سیاست دان ملوث ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بھائی سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل ہیں۔ سینیٹر خرم ذیشان، سابق صوبائی وزیر آفتاب عالم اور جمعیت علمائے اسلام کے متعدد رہنما بھی غیر قانونی کان کنی میں ملوث تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس کاروبار میں ملوث تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں: احسن اقبال
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی۔ صوبے میں سونے کی کان کنی کے تمام لیز منسوخ کیے جا رہے ہیں، جبکہ تمام متعلقہ سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے سونے کی کان کنی کے لیز ہولڈرز اور ٹھیکیداروں کو ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ متعلقہ علاقوں سے اپنی بھاری مشینری ہٹا لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقررہ مدت میں مشینری نہ ہٹانے کی صورت میں کارروائی کرتے ہوئے اسے ضبط کرلیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں مجسٹریٹ مشینری ضبط کرنے کے بعد 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے تھے، حالانکہ قانون کے مطابق جرمانے کی رقم 5 لاکھ روپے ہے۔ اس معاملے کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔

گورنر خیبرپختونخوا کے مطابق غیر قانونی مائننگ میں 8 ہزار 350 ٹریکٹر اور ٹریکٹر ٹرالیاں، ایک ہزار 730 ہیوی ڈمپرز اور بڑی تعداد میں مزدور استعمال ہو رہے تھے۔ کوہاٹ میں معدنیات کے دو بلاکس سی اور ڈی ہیں، جبکہ ایک مائننگ بلاک 4 ارب 92 کروڑ روپے کی لیز پر دیا گیا تھا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ غیر قانونی کان کنی سے حاصل ہونے والی رقم کا بڑا حصہ افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا، جہاں سے یہ پیسہ دہشت گردی اور پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال ہوتا تھا۔ ان کے مطابق غیر قانونی مائننگ میں ملوث عناصر دہشت گردوں کو بھتہ دیتے تھے اور ان سے تحفظ بھی حاصل کرتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا، جس کے دوران پولیس نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر قانونی کان کنی کا سلسلہ ختم کیا۔ تاہم آپریشن کے بعد واپس آنے والی پولیس فورس پر فتنۃ الخوارج نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ایک ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس نے جوابی کارروائی میں 11 خوارج کو ہلاک کردیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے مزید انکشاف کیا کہ کوہاٹ کے دو بلاکس میں 8 ہزار 350 ٹریکٹر، 3 ہزار 660 ایکسکیویٹر اور ایک ہزار 600 ڈمپرز استعمال کیے جا رہے تھے۔ ان کے مطابق غیر قانونی مائننگ سے حاصل ہونے والی رقم کا 80 فیصد افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا، جبکہ ہر ماہ 90 کلوگرام تک سونا نکالا جا رہا تھا۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خوارجی کمانڈر مقامی افراد سے 8 لاکھ روپے جبکہ غیر مقامی افراد سے 40 لاکھ روپے تک بھتہ وصول کرتے تھے۔ غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں پر بھی فتنۃ الخوارج نے حملہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں سکیورٹی اہلکاروں کو شہید کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی جائے گی، جبکہ غیر قانونی کان کنی اور معدنی وسائل کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے چیکنگ کا عمل مزید سخت کیا جائے گا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.