بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وکلا سے ملاقات کے دوران جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ وسیع تر اتحاد قائم کرنے کا پیغام دیا ہے، جبکہ پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی تجویز بھی مسترد کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کے ساتھ ملاقات کے دوران لطیف کھوسہ نے پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کے حوالے سے اپنی رائے پیش کی، تاہم بانی پی ٹی آئی نے اس تجویز کو مسترد کردیا۔ بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اور پارلیمان کے حوالے سے سخت مؤقف برقرار رکھتے ہوئے بائیکاٹ جاری رہنا چاہیے، کیونکہ موجودہ حکومت کے ساتھ روابط یا تعاون اسے جواز فراہم کرنے کے مترادف ہوگا۔
عمران خان کی بہنیں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کوٹ لکھپت جیل سے رہا
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے دونوں اپوزیشن رہنماؤں پر اعتماد کا اظہار کیا اور فیصلوں کا اختیار محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کے پاس ہی برقرار رکھا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ وسیع تر اپوزیشن اتحاد کے قیام کے لیے پی ٹی آئی کے بجائے اپوزیشن قائدین فیصلے کریں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے اپوزیشن رہنما بات کریں اور اپوزیشن اتحاد کے ساتھ آگے بڑھیں۔ بانی پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ وسیع تر اتحاد قائم کرنے کا پیغام بھی دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ سے متعلق بانی پی ٹی آئی کو شکایت بھی کی گئی۔ اس موقع پر اہلخانہ کی رہائی اور سیاست میں مداخلت کے معاملے پر بھی مشاورت ہوئی۔ بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ ان کی فیملی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ وہ اپنی اہلیہ کی رہائی اور علاج کے لیے رضامند تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے صوبوں کے حوالے سے اپنا سابقہ مؤقف دہرایا اور 28ویں آئینی ترمیم سے متعلق بھی 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم پر اختیار کیے گئے اپنے مؤقف کے مطابق پیغام دیا۔
ذرائع کے مطابق لطیف کھوسہ آج محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو ملاقات کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔



