بھارتی اداکارہ نورا فتحی نے سکیش چندر شیکھر کے خلاف تقریباً 200 کروڑ بھارتی روپے کی مبینہ بھتہ خوری کے مقدمے میں نئی دہلی کی عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے، جس کے بعد ملزم کے وکلا نے ان کے بیان پر سوالات اٹھاتے ہوئے آئندہ سماعت پر جرح کی تیاری شروع کردی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نورا فتحی بدھ کے روز نئی دہلی کی راؤز ایونیو عدالت میں استغاثہ کی گواہ کی حیثیت سے پیش ہوئیں۔ عدالت نے انہیں اس سے قبل بھی دو مرتبہ طلب کیا تھا، تاہم ایک موقع پر انہوں نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی تھی۔ اس پر عدالت نے عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں عدالتی کارروائی کو سنجیدگی سے لینے کی ہدایت کی تھی۔
عدالت میں اپنے بیان کے دوران نورا فتحی نے بتایا کہ انہیں دسمبر 2020 میں چنئی میں منعقد ہونے والی ایک فلاحی تقریب میں بطور فنکارہ شرکت کی دعوت دی گئی تھی، جس کے لیے انہیں کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب سکیش چندر شیکھر کے وکلا نے تقریب سے منسلک قیمتی ہینڈ بیگ، موبائل فون اور بی ایم ڈبلیو گاڑی کے معاملے پر سوالات اٹھائے ہیں۔ سکیش کے وکیل اننت ملک کے مطابق آئندہ سماعت پر جرح کے دوران متعلقہ دستاویزات اور شواہد پیش کیے جائیں گے۔
وکیل نے ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 319 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر عدالتی کارروائی کے دوران کسی دوسرے شخص کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئیں تو عدالت اس کے خلاف بھی کارروائی کرسکتی ہے۔
مقدمے کا پس منظر
یہ مقدمہ تقریباً 200 کروڑ بھارتی روپے کی مبینہ بھتہ خوری سے متعلق ہے۔ پولیس کے مطابق سکیش چندر شیکھر نے 2020 اور 2021 کے دوران تہاڑ جیل میں قید سابق کاروباری شخصیت شیوندر موہن سنگھ کی اہلیہ ادیتی سنگھ کو سرکاری افسر ظاہر کرکے فون کیے اور ان کے شوہر کو جیل سے رہائی دلانے میں مدد فراہم کرنے کے بہانے بھاری رقم وصول کی۔
اس معاملے میں سکیش کی اہلیہ لینا ماریا پال اور دیگر افراد بھی تحقیقات کی زد میں آئے۔
تحقیقات کے دوران نورا فتحی کا نام بھی سامنے آیا کیونکہ وہ دسمبر 2020 میں چنئی میں لینا ماریا پال کے زیر اہتمام ایک تقریب میں شریک ہوئی تھیں۔
نورا فتحی نے تفتیشی اداروں کو بتایا تھا کہ انہیں تقریب کے دوران قیمتی تحائف دیے گئے تھے، جن میں مہنگا ہینڈ بیگ اور موبائل فون شامل تھے، جبکہ انہیں بی ایم ڈبلیو گاڑی دینے کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔
بعد ازاں انہیں اس مقدمے میں استغاثہ کی گواہ نامزد کیا گیا۔ واضح رہے کہ نورا فتحی اس مقدمے میں فی الحال ملزمہ نہیں بلکہ استغاثہ کی گواہ ہیں اور وہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کی تردید کر چکی ہیں۔



