سماجی خدمات کا عالمی اعتراف، 8 پاکستانی نوجوانوں نے ڈیانا ایوارڈ 2026 جیت لیا
پولیو کے خاتمے، لڑکیوں کی تعلیم، قانونی معاونت، صحت عامہ اور آفات سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے خدمات انجام دینے والے پاکستانی نوجوانوں کو عالمی سطح پر اعزاز سے نواز دیا گیا۔
پاکستان کے لیے ایک اور خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، جہاں سماجی خدمات اور فلاحی منصوبوں میں نمایاں کردار ادا کرنے والے 8 پاکستانی نوجوانوں نے ڈیانا ایوارڈ 2026 اپنے نام کرلیا۔

ان نوجوانوں کو پولیو کے خاتمے، لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ، خواتین کو قانونی معاونت فراہم کرنے، صحت کی سہولیات بہتر بنانے اور قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے خدمات انجام دینے پر اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کی رپورٹ کے مطابق اس سال دنیا کے 44 ممالک سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 198 نوجوانوں کو ڈیانا ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ایوارڈ شہزادی ڈیانا کی یاد میں 1999 میں قائم کیا گیا تھا، جس کا مقصد معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں 24 سالہ سارہ علی بھی شامل ہیں، جو پاکستان پولیو پروجیکٹ کی بانی ہیں۔ ان کا منصوبہ پولیو ویکسین سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے، عوام میں حفاظتی ٹیکوں کے حوالے سے اعتماد پیدا کرنے اور طبی عملے کی معاونت پر کام کرتا ہے۔ ان کی کوششوں سے 100 سے زائد رضاکار بھی اس مہم کا حصہ بن چکے ہیں۔
جنوبی پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ اریبہ سلیمان نے لڑکیوں کی تعلیم اور قیادت کے مواقع بڑھانے کے لیے شی رائز پاکستان کے نام سے تنظیم قائم کی۔ ان کی تنظیم کی تعلیمی اور آگاہی سرگرمیوں سے اب تک 6 ہزار سے زائد طلبہ مستفید ہو چکے ہیں۔
اسی طرح 19 سالہ مریم رحمان کو پرو جسٹس پروجیکٹ کے قیام پر اعزاز دیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت 250 سے زائد رضاکار وکلا کا نیٹ ورک تشکیل دیا گیا، جبکہ ملک بھر میں ایک ہزار سے زیادہ قانونی مقدمات میں معاونت فراہم کی گئی، جن میں خواتین کو ہراسانی اور امتیازی سلوک سے متعلق معاملات بھی شامل ہیں۔
16 سالہ محمد ابراہیم نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے ڈیجیٹل نقشہ سازی اور فیلڈ سروے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر تقریباً تین لاکھ خاندانوں کے لیے معاوضے کی منصوبہ بندی میں معاونت کی، جبکہ مری میں تقریباً 4 ہزار خاندانوں کو بارش کا پانی محفوظ کرنے کے نظام فراہم کرنے میں بھی مدد کی۔
کراچی اور دیہی سندھ میں صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے کے لیے کام کرنے والے 22 سالہ علی اذان احمد منج بھی ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ ان کے ہیومینٹی انیشی ایٹو کے ذریعے ایک ہزار سے زائد طلبہ رضاکاروں کو متحرک کیا گیا، جبکہ 10 ہزار سے زیادہ مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
21 سالہ نور عبدالغنی نے خواتین اور لڑکیوں کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ اور ریاضی کے شعبوں میں آگے بڑھانے کے لیے ونسائی پاکستان قائم کیا۔ یہ منصوبہ طالبات کو تعلیمی رہنمائی، آگاہی نشستوں اور وظائف کے حصول میں معاونت فراہم کرتا ہے۔
دبئی میں زیر تعلیم 17 سالہ ریا یاسر خواجہ نے خواتین میں ماہواری سے متعلق سماجی غلط فہمیوں اور منفی رویوں کے خاتمے کے لیے سیف پروجیکٹ شروع کیا۔ اس منصوبے کے ذریعے ضرورت مند خواتین کو صفائی سے متعلق ضروری اشیا فراہم کرنے کے ساتھ آگاہی سرگرمیاں بھی منعقد کی گئیں۔
22 سالہ وشال پرکاش کو خواتین کی معاشی خودمختاری اور مالی و قانونی آگاہی کے فروغ پر سراہا گیا۔ ان کے قائم کردہ منصوبے روبان کے ذریعے کراچی، لاہور اور سندھ کی 200 سے زائد ہنرمند خواتین کو مارکیٹ سے منسلک کیا گیا، جس سے ان کے لیے 50 لاکھ روپے سے زیادہ آمدنی کے مواقع پیدا ہوئے۔
ڈیانا ایوارڈ کی چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر ٹیسی اوجو نے ایوارڈ حاصل کرنے والے نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے بڑے مسائل سے نمٹنے کے لیے ان نوجوانوں کی ہمت، ہمدردی اور عزم قابلِ فخر ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سال ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی کارکردگی کو معیاری تعلیم، صحت و فلاح، عدم مساوات میں کمی اور موسمیاتی اقدامات سمیت اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کی روشنی میں جانچا گیا۔
پاکستانی نوجوانوں کی یہ کامیابی نہ صرف ملک کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ نوجوان نسل اپنی صلاحیتوں اور عملی کوششوں سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔



