وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ آٹو اور آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ پالیسی 2026-2031 پاکستان کی آٹو موٹیو صنعت میں ایک بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ اس پالیسی کے تحت درآمدات پر انحصار کرنے والی محض اسمبلنگ کی صنعت کو برآمدات پر مبنی مینوفیکچرنگ، مقامی سطح پر زیادہ سے زیادہ پیداوار اور عالمی منڈیوں میں مقابلے کی صلاحیت رکھنے والی ملکی صنعت میں تبدیل کیا جائے گا، جبکہ گاڑیاں بنانے والے اداروں سے 2.72 ارب ڈالر کی برآمدات متوقع ہیں۔

وفاقی وزارت صنعت کے مطابق مشیر صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا کہ نئی پالیسی وزیراعظم شہباز شریف کے برآمدات پر مبنی، خود انحصار اور مسابقتی معیشت کے وژن کی عکاسی کرتی ہے۔ پالیسی میں مقامی صنعت کاروں کو بااختیار بنانے، ملک میں آٹو پارٹس کی پیداوار کو مضبوط کرنے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور پاکستانی صنعت کو عالمی آٹو موٹیو سپلائی چین کا حصہ بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا آغاز، اسلام آباد عالمی توجہ کا مرکز بن گیا
ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد صرف گاڑیوں کی اسمبلنگ کو سہولت فراہم کرنا یا ٹیرف کے ذریعے صنعت کو تحفظ دینا نہیں، بلکہ ایک ایسا پائیدار صنعتی نظام قائم کرنا ہے جس کے تحت مقامی گاڑیاں اور آٹو پارٹس تیار کرنے والے ادارے اپنی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرسکیں، جدید ٹیکنالوجی اختیار کریں اور عالمی منڈیوں میں مقابلہ کرنے کے قابل ہوں۔
وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار نے بتایا کہ نئی پالیسی میں مقامی ویلیو ایڈیشن میں بتدریج اضافے کو یقینی بنانے کے لیے لوکلائزیشن کی لازمی شرائط متعارف کرائی گئی ہیں۔ ان شرائط کے ذریعے آٹو موٹیو مارکیٹ کی توسیع کو ملکی صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری، روزگار اور تکنیکی ترقی میں اضافے سے منسلک کیا جائے گا۔ مقررہ کم از کم مقامی ویلیو ایڈیشن کی شرائط پوری نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ غیر مقامی طور پر تیار کردہ سی کے ڈی درآمدات پر اگلے مالی سال کے دوران کسٹمز ڈیوٹی میں اضافی 3 فیصد پوائنٹس کا اضافہ کیا جائے گا، تاہم اس کا اطلاق مقررہ قانونی طریقہ کار سے مشروط ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 2 ہزار 200 آٹو پارٹس تیار کرنے والے ادارے کام کر رہے ہیں، جن کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ، تکنیکی ترقی اور عالمی سپلائی چین میں شمولیت آٹو موٹیو شعبے کی طویل مدتی مسابقت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
ہارون اختر خان کے مطابق 2.1 ارب روپے کی مختص رقم سے وینڈر اپ گریڈیشن اینڈ ٹیکنالوجی ٹرانسفر پروگرام (وی یو ٹی ٹی پی) شروع کیا جائے گا، جس پر انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے ذریعے عمل درآمد کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت مقامی وینڈرز کو جدید ٹیکنالوجی کے حصول، مشترکہ پیداواری سہولیات تک رسائی، ہنرمندی کی ترقی، بین الاقوامی معیار کے سرٹیفکیشن اور برآمدات کے لیے تیاری میں معاونت فراہم کی جائے گی۔
مشیر صنعت و پیداوار نے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت اس کی مدت کے دوران کم از کم پانچ بڑے آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ اداروں میں سرمایہ کاری کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے، جس کا مقصد ملک میں مقامی صنعتی کلسٹرز کو ترقی دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت کاروں کو بااختیار بنانا اور مقامی وینڈر نیٹ ورک کو مضبوط کرنا ایک مسابقتی آٹو موٹیو انڈسٹری کے قیام کے لیے حکومتی حکمت عملی کا بنیادی حصہ ہے۔
ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ برآمدات کا فروغ نئی پالیسی کی نمایاں خصوصیات میں شامل ہے، جس کے تحت 2026 سے 2031 کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 6 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مجموعی ہدف میں سے تقریباً 3.29 ارب ڈالر، یعنی 55 فیصد برآمدات آٹو پارٹس تیار کرنے والے اداروں سے حاصل کرنے کا ہدف ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گاڑیاں تیار کرنے والے اداروں سے تقریباً 2.72 ارب ڈالر، یعنی مجموعی برآمدات کا 45 فیصد حاصل ہونے کی توقع ہے۔ برآمدات کے اہداف میں یہ تقسیم آٹو پارٹس کی صنعت کو ترقی دینے اور مقامی سپلائرز کو عالمی سطح پر مسابقت کی صلاحیت رکھنے والے مینوفیکچررز میں تبدیل کرنے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
مشیر صنعت و پیداوار کے مطابق برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کے لیے پالیسی میں ڈرا بیک آف لوکل ٹیکسز اینڈ لیویز (ڈی ایل ٹی ایل) اسکیم بھی متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت اہل برآمد کنندگان کو خالص فری آن بورڈ (ایف او بی) برآمدی مالیت پر 5 فیصد مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ مقررہ شرائط پوری کرنے پر اضافی برآمدات کے لیے مزید 10 فیصد مراعات بھی دی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مینوفیکچررز کے لیے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کی عالمی سپلائی چین میں برآمدی مواقع حاصل کرنا بھی لازمی ہوگا۔ ان اقدامات کے ذریعے مقامی مینوفیکچررز کو صرف ملکی منڈی پر انحصار کرنے کے بجائے برآمدات پر مبنی پائیدار کاروباری ماڈل اپنانے کی ترغیب دی جائے گی، جبکہ درآمدی مراعات کو مقامی پیداوار اور برآمدی ذمہ داریوں سے منسلک کردیا گیا ہے۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت آئندہ پانچ سال کے دوران کسٹمز ڈیوٹی کو بتدریج معقول بنا رہی ہے، تاہم اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ درآمدات پر دی جانے والی مراعات براہ راست مقامی مینوفیکچرنگ، لوکلائزیشن اور برآمدی کارکردگی سے منسلک رہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ پالیسی کے ابتدائی دو سال کے دوران 15 ہزار ڈالر تک مالیت کی درآمد شدہ بیٹری الیکٹرک گاڑیوں (بی ای ویز) پر 5 فیصد رعایتی کسٹمز ڈیوٹی کی سہولت اس شرط سے مشروط ہوگی کہ متعلقہ کمپنیاں پاکستان میں مقامی اسمبلنگ یا مینوفیکچرنگ کی سہولیات قائم کریں۔ اس رعایت سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیوں کو کسٹمز ڈیوٹی کے فرق کے مساوی سیکیورٹی بانڈ اور ناقابلِ تنسیخ بینک گارنٹی بھی جمع کرانا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ رعایتی سہولت سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیوں کو 30 ستمبر 2028 تک درآمد شدہ بیٹری الیکٹرک گاڑیوں کے متعلقہ ماڈلز کی تجارتی بنیادوں پر مقامی پیداوار بھی شروع کرنا ہوگی، بصورت دیگر ان کی جانب سے جمع کرائی گئی بینک گارنٹی کیش کرانے کا عمل شروع کردیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار نے مزید کہا کہ نئی پالیسی کے تحت 2026 سے 2031 کے دوران لوکلائزیشن کے ذریعے مجموعی طور پر تقریباً 17.7 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے۔ یہ بچت اسی نوعیت کی گاڑیوں کو مکمل تیار شدہ حالت (سی بی یو) میں درآمد کرنے کی صورت میں درکار زرمبادلہ کے مقابلے میں حاصل ہوگی۔



