ریاض: سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کی جانب آنے والے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا، تاہم میزائلوں کا ملبہ علاقے کے دو مختلف مقامات پر جاگرا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی سول ڈیفنس نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے میزائلوں کو روکنے اور تباہ کرنے کے بعد ان کا ملبہ مکہ مکرمہ کے نواحی علاقوں میں گرا۔
ایران کی جوابی کارروائی یورپ بھر میں امریکی اڈوں تک پھیل سکتی ہے: محسن رضائی
سعودی سرکاری ٹیلی وژن نے ملبہ گرنے کے دونوں مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ ان میں پہلا مقام صبوحہ گاؤں ہے، جو مسجد الحرام سے تقریباً 35 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے، جبکہ دوسرا مقام وادی المغمس ہے، جو مسجد الحرام سے تقریباً 21 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق دونوں بیلسٹک میزائل مکہ مکرمہ کے علاقے کی جانب داغے گئے تھے، جنہیں سعودی فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضا میں ہی روک کر تباہ کردیا۔
سعودی سول ڈیفنس نے جمعرات کی علی الصبح جاری کیے گئے بیان میں اس حملے کا الزام حوثی ملیشیا پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ شہری مقامات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ حوثیوں کے خطرناک جارحانہ رویے کی عکاسی کرتا ہے۔
تاہم اب تک میزائل داغنے کے حوالے سے سعودی عرب کی جانب سے عائد کیے گئے الزام پر حوثی ملیشیا کا ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ واقعے کی آزادانہ تصدیق بھی نہیں ہوسکی ہے۔



