پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے کہا ہے کہ سری لنکن بیٹرز نے عمدہ کھیل پیش کیا ہے، تاہم انہیں کچھ خوش قسمتی بھی حاصل رہی۔ کوشش ہوگی کہ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز دونوں سیٹ بلے بازوں کو جلد پویلین بھیجا جائے۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عباس کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ اور بولنگ دونوں کے لیے سازگار ہے۔ پاکستانی بولرز اچھی لائن اور لینتھ کے ساتھ گیند بازی کرکے میچ میں واپسی کرسکتے ہیں۔
انہوں نے راولپنڈی کے شائقین سے اپیل کی کہ وہ اسٹیڈیم آکر قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی پہلے بھی اور اب بھی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نوجوان فاسٹ بولرز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عباس نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینا چاہتی ہے اور نوجوان بولرز سیکھنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ پریکٹس کے دوران نوجوان فاسٹ بولرز کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کرتے ہیں تاکہ وہ سیکھ کر اپنی صلاحیتوں میں مزید بہتری لاسکیں۔



