گیس کے نئے کنکشن کی فراہمی سے متعلق اہم خبر
وہ صارفین جنہوں نے نئے گیس کنکشن کی درخواست دی ہوئی ہے اور ارجنٹ فیس جمع کرا چکے ہیں ان کے لیے اہم خبر آ گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی نے نئے گھریلو کنکشن پر پابندی غیر معینہ مدت تک بڑھا دی ہے جب کہ کمرشل تندور، ہوٹل سمیت دیگر کنکشن بھی بند کر دیے ہیں۔
پابندی میں توسیع کے باعث ہزاروں صارفین ارجنٹ فیس جمع کرانے کے باوجود گیس کے نئے کنکشن سے محروم ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ایران امریکا جنگ کے بعد سے آر ایل این جی سپلائی تعطل کا شکار ہے، جس کی وجہ سے موجودہ سسٹم میں بھی گیس کا شارٹ فال بڑھ گیا ہے۔ آر ایل این جی کے ساتھ ایل پی جی بحران بھی شدید تر ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق سردی شروع ہوتے ہی گیس کی طلب کئی گنا بڑھ چکی ہے اور گھریلو صارفین کو بھی گیس کی فراہمی مسئلہ بن گئی ہے۔ آنے والےدنوں میں گیس قلت کا بحران مزید بڑھ سکتا ہے،ذرائع
پابندی میں توسیع کے حوالے سے سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ نئے کنکشن پر پابندی وزارت پٹرولیم نےعائد کی ہے۔ ایران امریکا جنگ رکنے کے بعد ہی نئے کنکشنز کی بحالی کا امکان ہے۔ اس وقت شیڈول کےمطابق گیس فراہم کی جا رہی ہے۔



