عطاء اللہ تارڑ کی نیشنل سائبر سکیورٹی اینڈ سوشل میڈیا آگاہی کونسل قائم کرنے کی تجویز، اے آئی مواد کی لیبلنگ لازمی قرار دینے پر زور
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں سائبر سکیورٹی اور سوشل میڈیا سے متعلق خطرات سے نمٹنے کے لیے نیشنل سائبر سکیورٹی اینڈ سوشل میڈیا آگاہی کونسل قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

پی ٹی اے کے زیر اہتمام سائبر سکیورٹی آگاہی ہفتہ دو ہزار چھبیس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل خواندگی کو اسکولوں، کالجوں اور جامعات کے نصاب کا حصہ بنایا جائے اور اس میں ٹیکنالوجی کی تیز رفتار تبدیلیوں کے مطابق مسلسل بہتری لائی جائے۔ وفاقی وزیر نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کی نشاندہی اور لیبلنگ لازمی قرار دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صارفین کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ جو مواد دیکھ رہے ہیں، وہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو سوشل میڈیا کے محفوظ استعمال، ڈیپ فیک، غلط معلومات اور ذاتی ڈیٹا کے تحفظ سے متعلق آگاہی دینا ضروری ہے۔ انہوں نے سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل خواندگی کے شعبے قائم کرنے اور افسران کی تربیت پر بھی زور دیا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سائبر سکیورٹی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک ہفتے کی مہم کافی نہیں بلکہ مسلسل اور مشترکہ قومی حکمت عملی درکار ہے۔ انہوں نے مجوزہ کونسل میں وفاقی وزارتوں، متعلقہ اداروں اور صوبائی حکومتوں کو شامل کرنے کی تجویز دی اور حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔



