*الیکشن کمیشن کا خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم*

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر سے متعلق کیس کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے 12 قبائلی اضلاع کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا جس میں خیبر پختونخوا کے جن اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہو چکا ہے وہاں فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے جن اضلاع میں حدبندی نہیں ہوئی وہاں حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کرنے کی ہدایت بھی کی ہے جبکہ اس حوالے سے باضابطہ اعلان آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر متوقع ہے۔
فیصلے کے مطابق 12 قبائلی اضلاع میں حدبندیاں اور بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت اور متعلقہ انتظامی اداروں کو انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامی اقدامات یقینی بنانے اور متعلقہ ونگ کو انتخابی شیڈول پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔



