اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سیاسی مسائل کے حل کے لیے حکومت کے ساتھ مذاکرات ہونے چاہئیں اور اس مقصد کے لیے جلد تعمیری بات چیت کا آغاز کیا جانا چاہیے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی میٹنگ معمول کا اجلاس ہے، تاہم اسے غیر ضروری طور پر سنجیدہ معاملہ بنایا جا رہا ہے۔
یونیورسٹی روڈ بہت بڑا چیلنج رہا ہے جس سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا: میئر کراچی
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت نہ دینا غیر انسانی سلوک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی کشیدگی بڑھ رہی ہے اور سیاسی انتقامی کارروائیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں، جبکہ سیاسی مخالفین ایمرجنسی کی آڑ میں فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ سیاسی مسائل کے حل اور کشیدگی میں کمی کے لیے حکومت کے ساتھ جلد اور تعمیری مذاکرات ہونے چاہئیں۔



