Gas Leakage Web ad 1

مریم نواز کا خواتین اور بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم پر اظہار برہمی

0

اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز) اور ضلعی پولیس افسران (ڈی پی اوز) نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صوبے کے تمام ڈویژنز اور اضلاع میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

Gas Leakage Web ad 2

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین اور بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام اور امن و امان کی مجموعی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر چار ہفتوں کے اندر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو متعلقہ پولیس افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جاسکتا ہے۔
الیکشن کمیشن کا 20 دسمبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے پولیس کو تمام اضلاع، بالخصوص صوبائی سرحدی علاقوں سے گندم کی اسمگلنگ روکنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پولیس میں انسدادِ رشوت ستانی کی مہم تیز کرنے اور بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا۔

مریم نواز شریف نے ٹریفک مینجمنٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اوور اسپیڈنگ کے خلاف یقینی کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے صوبے بھر میں ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف پیشگی کارروائی اور اسلحے کی برآمدگی یقینی بنانے کا حکم دیا، جبکہ کیمرے والی عینک سمیت دیگر جاسوسی آلات پر عائد پابندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں پولیس پٹرولنگ بڑھانے اور ہر علاقے میں پولیس کی نمایاں موجودگی یقینی بنانے کا حکم دیا تاکہ جرائم پیشہ عناصر میں قانون کا خوف پیدا ہو۔ انہوں نے لاہور میں ڈولفن فورس کو پٹرولنگ کے لیے موٹر سائیکلیں اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس کے دوران راولپنڈی ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے تمام آر پی اوز کو ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام کے لیے ہفتہ وار اجلاس منعقد کیے جائیں اور متعلقہ ڈی پی اوز کی کارکردگی رپورٹس بھی پیش کی جائیں۔

مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے منشیات کے خاتمے، جرائم کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس توڑنے کے لیے بھرپور اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ہجوم سے نمٹنے کے لیے مخصوص آر ایم سی پولیس فورس کی استعداد کار بڑھانے کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے مجوزہ دھرنے کے دوران بہترین ڈیوٹی انجام دینے پر آر ایم سی فورس کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دورانِ ڈیوٹی جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہید پولیس افسران کے اہل خانہ کو تاحیات تنخواہ اور خصوصی پیکیج فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے تبلیغی اجتماع کے منتظمین کے پاس پولیس افسران کو خود پہنچنے کی ہدایت بھی کی تاکہ انتظامی امور اور سکیورٹی سے متعلق معاملات کو مؤثر انداز میں حل کیا جاسکے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.