مزنگ پولیس نے نوسربازی کے ذریعے خاتون کا قیمتی سامان ہتھیانے والے رکشہ ڈرائیور کو 24 گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کو چونگی امرسدھو سے گرفتار کر کے خاتون کا لوٹا گیا تمام سامان برآمد کر لیا۔

ایس پی سول لائنز کے مطابق رکشہ ڈرائیور عرفان لیاقت نے کرائے کے تنازع پر خاتون کو باتوں میں الجھایا اور توجہ ہٹتے ہی سامان سے بھرا بیگ لے کر فرار ہو گیا۔ بیگ میں لاکھوں روپے نقدی، پرائز بانڈز اور قیمتی زیورات موجود تھے۔
پولیس کے مطابق بیگ میں 5 ہزار 500 درہم، 300 امریکی ڈالر، سونے کی بالیاں، چار انگوٹھیاں اور چاندی کے زیورات بھی شامل تھے۔ واقعے کا مقدمہ درج کر کے پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
مزنگ پولیس نے نوسربازی کے ذریعے ہتھیایا گیا تمام سامان برآمد کر کے متاثرہ خاتون کے حوالے کر دیا۔ اپنا قیمتی سامان واپس ملنے پر خاتون نے پولیس کی بروقت کارروائی پر شکریہ ادا کیا۔



