Gas Leakage Web ad 1

کے پی میں معدنیات کے لائسنس پی ٹی آئی نے جاری کیے: خواجہ آصف

0

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں معدنیات کے زیادہ تر لائسنس پاکستان تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں جاری کیے گئے، جبکہ اس شعبے میں عسکری اداروں کا براہِ راست حصہ نہیں تھا۔

Gas Leakage Web ad 2

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ قیامِ پاکستان سے 2010 تک خیبرپختونخوا میں معدنیات کے 482 لائسنس یا ٹائٹلز جاری کیے گئے تھے، جبکہ 2020 تک یہ تعداد بڑھ کر ایک ہزار 762، فروری 2024 تک 3 ہزار 962 اور موجودہ وقت میں 4 ہزار 917 ہو چکی ہے۔ ان میں سے 4 ہزار 133 لائسنس آباد اضلاع جبکہ 784 ضم شدہ اضلاع میں جاری کیے گئے۔
سرکاری گاڑی واپس کیوں نہیں کی؟ ڈپٹی اسپیکر کے پی ثریا بی بی کے خلاف پرچہ کٹ گیا
وزیر دفاع نے کہا کہ اس پورے عرصے کے دوران عسکری ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو صرف ایک لائسنس دیا گیا، جو 2015 میں شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں جاری ہوا تھا۔ ان کے مطابق، ایف ڈبلیو او تعمیراتی اور بحالی کے کاموں میں مصروف رہا ہے۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ اس وقت معدنیات کے حصول کے لیے 500 سے زائد نئی درخواستیں زیرِ غور ہیں، جن میں سے کوئی بھی درخواست کسی عسکری ادارے کی جانب سے نہیں دی گئی۔

وزیر دفاع نے سیاسی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کل تک ایک شخص کہتا تھا کہ فضل الرحمان کو مولانا کہنا گناہ ہے، لیکن اب اسی جماعت کے ایک شخص نے کہا ہے کہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ مولانا فضل الرحمان ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دان اپنی عزت اور تکریم خود مٹی میں رولتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اچھی بات ہے کہ کل کے دشمن آج دوست بن جائیں، ایسا پوری دنیا میں ہوتا ہے، تاہم یہ تعلق اصولوں کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ فوج نے تمام محاذوں پر قیادت کی ہے اور فیلڈ مارشل نے بھی قیادت کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کو تالے لگ چکے ہیں، جبکہ فوجی فاؤنڈیشن نے 323 ارب روپے ٹیکس جمع کرایا ہے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ حق اور سچ بولنا چاہیے، جس کے ثمرات سب کے سامنے آئیں گے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.