اسلام آباد پولیس نے تمام افسران اور اہلکاروں کے لیے نئی سوشل میڈیا پالیسی جاری کردی۔

پولیس کے مطابق اسلام آباد پولیس کے تمام رینکس کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پولیس اہلکاروں کے یونیفارم میں ویڈیوز بنانے اور تصاویر کھنچوانے پر بھی پابندی ہوگی۔
صدر آصف زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو نشان امتیاز سے نواز دیا
اس کے علاوہ ذاتی تشہیر، شہرت یا گلیمر کے لیے پولیس یونیفارم کا استعمال سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ سرکاری گاڑیوں، دفاتر اور نجی مقامات پر یونیفارم میں ویڈیو بنانے پر کارروائی ہوگی، جبکہ بغیر اجازت میڈیا پر بیانات دینے، عوامی فورمز پر اظہار خیال کرنے اور آرٹیکل لکھنے پر بھی پابندی ہوگی۔
پولیس کے مطابق اہلکار سوشل میڈیا پر اپنے ذاتی سیاسی یا مذہبی نظریات کا اظہار نہیں کرسکیں گے۔ کسی بھی قسم کی محکمانہ یا خفیہ دستاویزات اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر پابندی ہوگی۔ محکمے کی مثبت سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لیے بھی ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سے منظوری لینا لازمی ہوگی۔
پولیس کے مطابق پولیس سرگرمیوں سے متعلق معلومات صرف سی پی او کی پبلک ریلیشنز برانچ کی جانب سے جاری کی جائیں گی۔ یونٹ سربراہان اپنے عملے کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی نگرانی کے خود ذمہ دار ہوں گے۔ سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ نئی سوشل میڈیا پالیسی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور آئی جی اسلام آباد نے اس کی منظوری دے دی ہے۔



