صدر آصف زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو نشان امتیاز سے نواز دیا۔

ایوان صدر میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو نشان امتیاز دینے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سمیت غیر ملکی سفیروں نے شرکت کی۔
5.5 شدت کا زلزلہ، شہری خوفزدہ
انتونیو گوتریس کو پاکستان کے مخلص دوست کی حیثیت سے یہ اعزاز دیا گیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں نشان امتیاز ملنے پر مبارکباد دی۔ انتونیو گوتریس کو بین الاقوامی خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز سے نوازا گیا، جو سفارتکاری اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔
انتونیو گوتریس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اعلیٰ اعزاز دینے پر حکومت پاکستان کے دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کی مہمان نوازی اور فراخ دلی کے عینی شاہد ہیں اور یہ اعزاز اقوام متحدہ میں کام کرنے والے تمام افراد کی جانب سے قبول کرتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سیلاب اور موسمیاتی بحران کے باعث پاکستانی عوام کی تکالیف کو محسوس کیا ہے، جبکہ دہشتگردی کے خلاف پاکستانی قوم کے عزم، یکجہتی اور استقامت کے بھی معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستانی دستے اس عظیم قوم کی حقیقی تصویر پیش کرتے ہیں، پاکستانی ایسی قوم ہے جو طاقت اور عزم کے ساتھ ہمدردی کے جذبات بھی رکھتی ہے۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے اپنی تقریر میں علامہ اقبال کی شاعری کا بھی تذکرہ کیا۔



