لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے تحت صوبے میں کھلے مقامات پر ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث ڈرون کے استعمال پر یہ پابندی لگائی گئی ہے۔ تاہم شادی ہالز اور مارکیز کے اندر ہونے والی تقریبات میں چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی۔
اسپیس ایکس کا جدید اسٹار شپ راکٹ پہلی بار مدار میں پہنچ گیا
ترجمان نے بتایا کہ اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری منتظمین پر ہوگی، جبکہ انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ڈرون کے محفوظ استعمال کے لیے تحریری اجازت دینے کی غرض سے سیف ڈرون یوزیج کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون استعمال کرنے کی تحریری اجازت بھی یہی کمیٹی دے گی، جس کے بعد کمیٹی کی اجازت سے ڈرون کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ ہوگا۔



