جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور مہنگائی کے خلاف کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق کارکنان اتوار کی صبح سے لانگ مارچ میں شامل ہوں گے اور جماعت اسلامی کا لانگ مارچ اتوار کو کراچی سے شروع ہوگا، کینٹ اسٹیشن پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کارکنان سے خطاب کریں گے اور بعد ازاں ان کی سربراہی میں کارکنان بذریعہ ٹرین لانگ مارچ کا حصہ بنیں گے، یہ دھرنا ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کا حصہ تھا، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان پہلے ہی پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج کے اگلے مرحلے کے تحت 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر چکے ہیں جس کا مقصد حکومت سے لیوی کا خاتمہ اور عوام کو حقیقی ریلیف دلانا ہے، فریقین کے درمیان مذاکرات کے باوجود جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ عارضی ریلیف ناکافی ہے اور ٹیکسوں میں کمی ناگزیر ہے۔