تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف تمام صوبوں کو پاکستان کی یکساں اکائیاں سمجھتی ہے اور صوبوں کے عوام کے درمیان نفرت یا تفریق پیدا کرنے کی ہر کوشش کو مسترد کرتی ہے۔
تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں اپنے الفاظ واپس لینے اور قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔
سرکاری ملازمین کیلے بُری خبر، جی پی فنڈ پر شرح منافع میں کمی کردی گئی
اعلامیے کے مطابق بانی تحریک انصاف کی صحت کا معاملہ انتہائی اہم اور فوری توجہ کا متقاضی ہے، بانی کو فوری طور پر مناسب طبی معائنے اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے۔
اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف عوام کے بنیادی سیاسی حقوق کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ جلد بازی میں صوبوں کا قیام وفاق کی یکجہتی کے خلاف ہوگا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ نئے صوبوں کا قیام ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔ صوبوں کے قیام کے لیے متنازع قانون سازی نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس معاملے پر بحث ہونی چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ صوبوں کے قیام پر 18ویں ترمیم جیسا مشاورتی عمل ہونا چاہیے اور اس معاملے کو نئی پارلیمان پر چھوڑ دینا چاہیے کہ وہ آئے تو صوبوں کے معاملے کو دیکھے۔