پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران کرانے کی تجویز دے دی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کے اجلاس میں پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران کرانے کی تجویز پیش کی۔ الیکشن کمیشن نے تجویز کردہ تاریخوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے پر اصولی اتفاق کرلیا۔
گوگل نے پاکستان میں آن لائن سیفٹی کیلئے ڈیجیٹل پاسبان پروگرام کا افتتاح کر دیا
اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کی تجویز بھی پیش کی، جبکہ سیکیورٹی اور بہتر انتظامات کے لیے مرحلہ وار انتخابات کرانے کی تجویز دی گئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق دسمبر اور جنوری میں انتخابات کرانے سے طلبہ کے امتحانات بھی ہوچکے ہوں گے، مذکورہ مدت میں دھند بھی کم ہوگی، جبکہ انتخابات کے لیے تدریسی عملہ بھی دستیاب ہوسکے گا۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کا پلان جلد پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کمیٹی کی تجاویز کو سراہتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کو آئینی ذمہ داری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے، جبکہ مدت ختم ہونے کے 120 روز میں انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔