وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت کام کرنے والے تمام ورکرز کو ہر ماہ کی 5 تاریخ تک تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ متعلقہ کمپنیوں سے تنخواہوں کی ادائیگی کی ماہانہ رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے۔
لاہور میں صفائی کے نظام سے متعلق خصوصی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز نے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کا سخت نوٹس لینے کی ہدایت کی، جبکہ کنٹریکٹرز کے بقایا جات بھی جلد ادا کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے، ورکرز کے حقوق کے تحفظ اور فیلڈ مانیٹرنگ کا نظام مؤثر بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں صوبے بھر میں صفائی کی صورتحال اور ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے ہدایت کی کہ تمام مارکیٹوں اور تجارتی علاقوں میں یکساں ڈسٹ بنز اور گاربیج بیگز کا استعمال یقینی بنایا جائے، جبکہ تجارتی مراکز سے کوڑا اٹھانے کے لیے مخصوص اوقات کار مقرر کیے جائیں۔
انہوں نے سڑکوں اور شاہراہوں کی صفائی اور دھلائی کا کام روزانہ صبح 5 بجے شروع کرنے، خالی پلاٹوں کی صفائی اور گھر گھر سے کوڑا جمع کرنے کا نظام مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، ریلوے ٹریکس، پارکوں، گرین بیلٹس، منڈیوں اور شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر صفائی کے بہتر انتظامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
اس کے علاوہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ کی گاڑیوں، کنٹینرز اور ویسٹ پوائنٹس کی باقاعدگی سے دھلائی کا حکم دیا گیا، جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو کنٹریکٹرز اور واسا کے منیجنگ ڈائریکٹرز کے ساتھ مکمل رابطہ رکھنے کی ہدایت کی گئی۔