وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ فارماسیوٹیکل شعبے میں تعاون سے پاکستان میں سستی اور معیاری ادویات کی دستیابی، سرمایہ کاری، برآمدات اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔
اسلام آباد میں پاکستان چین فارماسیوٹیکل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا قابلِ اعتماد اور آزمودہ دوست ہے، جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ دوستی پر مبنی ہیں، جبکہ سی پیک نے اقتصادی تعاون کو نئی جہت دی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دواسازی کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ حکومت دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس (B2B) شراکت داری کو فروغ دے رہی ہے تاکہ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے مقامی صنعت کو مضبوط بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین تعاون سے ادویات کی مقامی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا، قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا اور عوام کو معیاری و سستی ادویات میسر آئیں گی۔ ان کے مطابق یہ تعاون دواسازی کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری، تحقیق، ترقی اور روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔
وزیراعظم نے علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں خطے کو جنگ سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششیں بھی کیں، جن کے نتیجے میں اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، جو امن، استحکام اور سفارتی کوششوں کی کامیابی کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین مستقبل میں صحت، دواسازی، تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں اپنے تعاون کو مزید وسعت دیں گے تاکہ دونوں ممالک کی عوام اس شراکت داری سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔