مصنوعی ذہانت کے دور میں نوکریوں کی قلت: بچوں کو کون سی مہارتیں سکھائی جائیں؟
ٹیکنالوجی کے متعدد ماہرین کا دعویٰ ہے کہ آئندہ 10 برسوں کے دوران مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی معاشی طور پر مفید تقریباً ہر کام میں انسانوں سے آگے نکل جائے گی، تاہم لندن کے گریشم کالج میں بزنس کے پروفیسر ڈینیئل سسکنڈ کا کہنا ہے کہ مستقبل کی اس غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بچوں کو مخصوص تکنیکی مہارتوں کے بجائے بنیادی تعلیم، تنقیدی سوچ اور ٹیکنالوجی کے متوازن استعمال کی طرف واپس لانا ضروری ہے۔

ڈینیئل سسکنڈ نے اپنی نئی کتاب واٹ شوڈ مائی چلڈرن ڈو: اے ہیومنز گائیڈ ٹو دی ایج آف اے آئی کے حوالے سے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل اس قدر غیر یقینی ہے کہ بچوں کو ایسی مہارتیں سکھانے کی حکمت عملی کارگر نہیں ہو سکتی جنہیں مستقبل کے خطرات سے محفوظ سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے 2013 کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ انگلینڈ نے پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کے تمام بچوں کو کوڈنگ سکھانے کا فیصلہ کیا تھا اور دیگر کئی ممالک نے بھی اس کی پیروی کی، لیکن جنوری 2023 میں چیٹ جی پی ٹی کوڈ لکھنے میں سب سے بہتر ثابت ہوا، جس سے وہ مہارتیں بچوں کی اسکول کی تعلیم مکمل ہونے سے پہلے ہی غیر مؤثر ہو گئیں۔
پروفیسر سسکنڈ کے مطابق اے آئی کا دور بنیادی طور پر غیر یقینی صورتحال کا دور ہے، اس لیے ہمارا چیلنج مستقبل کی درست پیش گوئی کرنا نہیں بلکہ نئی نسل کو ایک ایسے مستقبل کے لیے تیار کرنا ہے جس کے بارے میں ہم بہت کم جانتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ بچوں کو پڑھنے لکھنے کی صلاحیت، بنیادی حساب کتاب اور تنقیدی سوچ جیسی بنیادی مہارتوں کی طرف واپس لانا ہوگا۔
سسکنڈ نے اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم او ای سی ڈی کے تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں ان بنیادی مہارتوں میں کمی آ رہی ہے جو نوجوان نسل کو مستقبل کے لیے تیار کرنے کے حوالے سے ایک بڑا المیہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بنیادی مہارتیں وہ ستون ہیں جن پر تمام جدید مہارتیں تعمیر ہوتی ہیں، اور اس کی ایک اور وجہ یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت کے نظام غلطیوں سے پاک نہیں ہیں اور اکثر خود سے غلط باتیں گھڑ لیتے ہیں۔
ڈینیئل سسکنڈ نے کمپیوٹر سائنسدان جیفری ہنٹن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اے آئی پروگرام بعض اوقات غیر معمولی ذہانت دکھاتے ہیں لیکن بعض اوقات انتہائی احمقانہ رویہ اختیار کرتے ہیں، لہٰذا صارفین کے طور پر ہمیں ان کی غلطیوں کو پہچاننے، سوال اٹھانے اور تصدیق کرنے کے لیے بنیادی علم کی ضرورت ہوگی۔
تعلیمی نظام میں مصنوعی ذہانت کی شمولیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے 1970 کی دہائی کے آخر اور 1980 کی دہائی کے اوائل میں الیکٹرانک کیلکولیٹر کی آمد کی مثال دی۔
انہوں نے برطانوی ماہر تعلیم ولفریڈ ہیلیڈے کاک کرافٹ کے فارمولے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ریاضی کی تعلیم کو دو حصوں میں تقسیم کر کے طلبہ کو کیلکولیٹر کے ساتھ اور اس کے بغیر حساب کتاب سکھایا اور پرکھا جاتا ہے، اسی طرح اب انگریزی، تاریخ، موسیقی، آرٹ اور ریاضی سمیت تمام مضامین میں طلبہ کو اے آئی کے مؤثر استعمال کے ساتھ ساتھ اس ٹیکنالوجی کے بغیر بھی کام کرنے اور اپنی بنیادی صلاحیتوں کو برقرار رکھنے کی تربیت دینی ہوگی۔
ڈینیئل سسکنڈ نے خبردار کیا کہ گزشتہ صدیوں میں ایجاد ہونے والی ہر ٹیکنالوجی کی طرح مصنوعی ذہانت کی بھی ایک قیمت ہے اور وہ توجہ کا بھٹکنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پرائمری، سیکنڈری، یونیورسٹی اور پیشہ ورانہ سطح پر تقریباً ایک تہائی وقت یہ سکھانے پر صرف ہونا چاہیے کہ ان ٹیکنالوجیز کو تنقیدی اور مؤثر انداز میں کیسے استعمال کیا جائے اور ان سے توجہ ہٹا کر خود کو ان کے منفی اثرات سے کیسے بچایا جائے۔
تعلیم کو محض زندگی کے ابتدائی حصے تک محدود رکھنے کے تصور کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر یقینی صورتحال کا بہترین جواب لچک ہے، یعنی بالغ افراد میں بھی عمر کے بعد کے حصوں میں اسی سنجیدگی اور شدت کے ساتھ نئی مہارتیں سیکھنے اور دوبارہ تربیت حاصل کرنے کی آمادگی ہونی چاہیے۔
تاہم انہوں نے تعلیم میں اے آئی کے مثبت پہلو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی تحقیق سے ثابت ہے کہ انفرادی انسانی ٹیوشن نہایت مؤثر ہوتی ہے لیکن یہ عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت کا نظام انتہائی کم لاگت پر ہر طالب علم کو اس کی ضروریات کے مطابق انفرادی تعلیمی رہنمائی فراہم کر سکتا ہے۔
مستقبل کے روزگار کے حوالے سے پروفیسر سسکنڈ نے مشورہ دیا کہ نوجوانوں کو مخصوص پیشوں کے بجائے ان مسائل پر توجہ دینی چاہیے جنہیں وہ حل کرنا چاہتے ہیں، جیسے انصاف تک رسائی بہتر بنانا یا لوگوں کو صحت مند اور طویل زندگی گزارنے میں مدد دینا۔
سسکنڈ کے مطابق مستقبل میں وہی کام سب سے زیادہ قیمتی ہوں گے جہاں محض نتیجہ نہیں بلکہ کام کرنے کا انسانی عمل اہمیت رکھتا ہے، جیسا کہ فنون لطیفہ، صحت کی دیکھ بھال، کمرۂ جماعت میں اساتذہ کی رہنمائی اور سماجی بہبود کے شعبے، جہاں ایک انسان کا دوسرے انسان کے ساتھ موجود ہونا اور ہمدردی کا تعلق قائم کرنا کسی بھی مشین کا نعم البدل نہیں ہو سکتا۔



