ایس ای سی پی کے اقدامات سے کمپنیوں نے مارکیٹ کے ذریعے 20 ارب روپے کا سرمایہ حاصل کر لیا
اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مالی سال 26-2025 کے دوران پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کے ذریعے فہرست شدہ کمپنیوں کو 20 ارب روپے سے زائد سرمایہ حاصل کرنے میں سہولت فراہم کی، جس سے کاروباری توسیع اور معاشی ترقی میں ایکویٹی فنانسنگ کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق مجموعی طور پر 21 فہرست شدہ کمپنیوں نے سرمایہ میں مزید اضافے کے ذریعے کامیابی سے فنڈز حاصل کیے، جنہیں نئی کمپنیوں کے حصول، نئے منصوبوں، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور مستقبل کے کاروباری فروغ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
آئل ٹینکروں پر حملہ: امریکا نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت انتہائی خطرناک قرار دیدی
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ فہرست شدہ کمپنیاں موجودہ شیئر ہولڈرز کے لیے رائٹ ایشوز کے ذریعے نئے حصص جاری کرکے یا نئے سرمایہ کاروں اور اسٹریٹجک شراکت داروں کو حصص اور دیگر منظور شدہ سیکیورٹیز کی پیشکش کے ذریعے طویل مدتی سرمایہ حاصل کر سکتی ہیں۔
مالی سال کے دوران کھاد، اسٹیل، بینکاری اور فوڈ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 10 فہرست شدہ کمپنیوں نے رائٹ ایشوز کے علاوہ دیگر ذرائع سے تقریباً 16 ارب 73 کروڑ 80 لاکھ روپے کا سرمایہ حاصل کیا۔
اس کے علاوہ 11 فہرست شدہ کمپنیوں نے رائٹ ایشوز کے ذریعے تقریباً 3 ارب 86 کروڑ 40 لاکھ روپے حاصل کیے، جس کے ذریعے موجودہ شیئر ہولڈرز کو کمپنیوں کی توسیعی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملا، جبکہ کمپنیوں کو بھی اضافی طویل مدتی سرمایہ دستیاب ہوا۔
ایس ای سی پی کے مطابق سرمایہ کے کامیاب حصول سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ پر کارپوریٹ شعبے کا اعتماد بڑھ رہا ہے اور یہ مارکیٹ معیشت کے پیداواری شعبوں میں سرمایہ کاری منتقل کرنے کی اپنی صلاحیت میں مسلسل بہتری لا رہی ہے۔
کمیشن نے مزید کہا کہ ایکویٹی فنانسنگ تک بہتر رسائی کاروباری ترقی، صنعتی توسیع، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک میں پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔