سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین، چودھری شافع حسین، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، بلال اکبر خان، صہیب احمد بھرتھ اور سید عاشق حسین کرمانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
پنجاب کا 5 ہزار 903 ارب روپے حجم کا بجٹ پیش، تنخواہوں میں 7 پنشن میں 3.5 فیصد اضافے کی تجویز
اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے جید علما و مشائخ، امن کمیٹی کے اراکین اور مذہبی قائدین بھی شریک ہوئے۔
سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینئر افسران بھی اجلاس کا حصہ تھے۔
اجلاس کا بنیادی مقصد صوبے میں بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری، قومی اتحاد اور امن و امان کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا تھا۔
اجلاس کے دوران تمام علما کرام نے متفقہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اشتعال انگیزی، فرقہ واریت، فتنہ و فساد اور نفرت انگیزی کے خلاف حکومت پنجاب کے ساتھ مکمل تعاون اور یکجہتی برقرار رکھیں گے۔
علمائے کرام نے محرم الحرام کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی، صحت، صفائی، لنگر اور سبیلوں کے انتظامات کو سراہا اور وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سبیلوں کے قیام سمیت دیگر اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نوجوان نسل کو اعتدال پسندی اور مثبت دینی تعلیمات کی جانب راغب کیا جائے اور مذہبی قیادت اپنے خطابات اور میڈیا گفتگو میں برداشت، رواداری اور محبت کا پیغام عام کرے۔
دوران اجلاس سوشل میڈیا پر فرقہ واریت، نفرت انگیزی اور افواہ سازی کے خلاف سخت اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔
حکومت پنجاب کی جانب سے محرم کے دوران سائبر پیٹرولنگ اور فوری رسپانس فورس تعینات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ ہر ضلع میں ترجمان مقرر کیے جا رہے ہیں جو فیک نیوز کے خلاف فوری ردعمل دیں گے۔ فیک نیوز اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے، گرفتاریوں اور قانونی کارروائی کا بھی اعلان کیا گیا۔
محکمہ داخلہ اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں کنٹرول رومز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ شکایات اور منفی مواد پر فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
اجلاس میں محرم جلوسوں کے روٹس کی صفائی، ٹریفک کی بحالی، سکیورٹی اور طبی سہولیات کو فول پروف بنانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ پینے کے صاف پانی، سایہ دار مقامات اور طبی امداد کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
شرکاء نے عالمی امن کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے عالمی سطح پر امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا اور پاکستان کی کوششوں سے دنیا ایک بڑے تنازع سے محفوظ رہی۔
مزید بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محرم کے تمام انتظامات کی خود نگرانی کر رہی ہیں اور حکومت و علما کے درمیان مسلسل مشاورت جاری ہے، جبکہ ہر تین ماہ بعد اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے اجلاس کی تجویز بھی دی گئی۔
اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، خودمختاری اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔