وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا دورہ، جدید تربیت اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے فورس کی آپریشنل تیاریوں، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جدید تربیتی نظام کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہیں مختلف ونگز کی کارکردگی، تربیتی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔
سگریٹ پر ٹیکس میں اضافہ سالانہ 51 ارب روپے اضافی آمدن پیدا کر سکتا ہے: سپارک
وزیر داخلہ نے بیرون ملک سے آنے والے سٹیٹ گیسٹس کی سکیورٹی کے لیے قائم سپیشل پروٹیکشن ونگ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار کیے جانے والے اینٹی رائٹ ونگ کی تربیتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اہلکاروں کی جدید خطوط پر ہونے والی تربیت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے سکیورٹی تقاضوں کے مطابق فورس کی استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن ونگ کو ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر ایک جدید، منظم اور پیشہ ور فورس میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ غیر ملکی سربراہان، سفارتی شخصیات اور بین الاقوامی مہمانوں کو عالمی معیار کے مطابق سکیورٹی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سپیشل پروٹیکشن ونگ کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ اہلکار ہر قسم کے سکیورٹی چیلنج سے مؤثر انداز میں نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے کے لیے غیر ملکی انسٹرکٹرز کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں اور منتخب اہلکاروں کو تربیت کے لیے بیرون ملک بھی بھیجا جائے گا۔ ان کے مطابق صرف جسمانی تربیت ہی نہیں بلکہ اہلکاروں کی تعلیمی قابلیت بڑھانے اور انہیں بین الاقوامی زبانوں سے آراستہ کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وہ عالمی معیار کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ملک بھر میں قیامِ امن، حساس تنصیبات کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل کے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فیڈرل کانسٹیبلری کو ایک فعال، متحرک اور جدید فورس میں ڈھالا جا رہا ہے، جو بدلتے ہوئے حالات اور نئے خطرات کا بروقت اور مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہو۔
انہوں نے تمام اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ جسمانی فٹنس کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا لازمی حصہ بنائیں اور جدید اسلحہ کے استعمال، ڈرائیونگ مہارتوں اور عملی مشقوں پر خصوصی توجہ دیں۔ وزیر داخلہ کے مطابق ایک تربیت یافتہ، چاق و چوبند اور تکنیکی مہارتوں سے لیس فورس ہی عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنا سکتی ہے۔
دورے کے دوران محسن نقوی نے سینٹر میں موجود سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور جدید اینٹی رائٹ آلات کی خریداری کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے بیرکس میں اہلکاروں کے لیے ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے ٹریننگ سینٹر میں جمنازیم اور سوئمنگ پول کی تعمیر کے منصوبوں کو بھی فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی، تاکہ اہلکاروں کی جسمانی استعداد اور تربیتی معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ جدید تربیت، بہتر سہولیات اور بین الاقوامی معیار کی پیشہ ورانہ تیاری کے ذریعے فیڈرل کانسٹیبلری ملک کی داخلی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے اور قومی سطح پر درپیش سکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔