Gas Leakage Web ad 1

سندھ ہائیکورٹ کا واٹر کارپوریشن کو دو ماہ میں ہائیڈرنٹس کی نئی نیلامی کا لائحہ عمل بنانے کا حکم

0

سندھ ہائیکورٹ نے واٹر کارپوریشن کو دو ماہ میں ہائیڈرنٹس کے ٹھیکوں کی نئی نیلامی کا لائحہ عمل تیار کرنے کا حکم دے دیا۔

Gas Leakage Web ad 2

ہائیڈرنٹس کے ٹھیکوں کی مدت ختم ہونے پر نئے ٹینڈر نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست نمٹا دی گئی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ٹھیکوں میں شفافیت اور منصفانہ مقابلے کے اصول پامال کیے جا رہے ہیں، جبکہ پرانے ٹھیکوں کی مدت ختم ہونے کے باوجود نئے ٹھیکوں کی نیلامی نہیں کی جا رہی۔

برصغیر کے عظیم پہلوان غلام حسین المعروف گاما پہلوان کی 66ویں برسی

درخواست گزار نے کہا کہ اس صورتحال میں ہائیڈرنٹس کا آپریشن جاری رکھنا عوامی مفاد کے خلاف ہے، اور بغیر قانونی اختیار کے ہائیڈرنٹس چلانا گورننس اور احتساب کو نقصان پہنچاتا ہے۔ درخواست میں عدالت سے شفاف نیلامی کرانے اور توسیع روکنے کی استدعا کی گئی اور یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا کہ انہیں مستقبل کی بولی سے باہر کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب مخالف فریقین نے درخواست کو غلط مفروضوں اور بے بنیاد الزامات پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہائیڈرنٹ کنٹریکٹ شفاف اور مسابقتی بولی کے ذریعے دیا گیا تھا، اور مقررہ وقت پر بولی کے عمل کو چیلنج نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں کو تکنیکی اور انتظامی معاملات میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیے۔

واٹر کارپوریشن نے عدالت کو بتایا کہ معاملے کے مالی، قانونی اور انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور حتمی فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

عدالت نے قرار دیا کہ کارٹلائزیشن اور ملی بھگت کے الزامات فی الحال ثابت نہیں ہوئے، جبکہ موجودہ انتظامات کو فوری طور پر غیر قانونی قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔

عدالت نے مزید کہا کہ سرکاری اثاثوں کی خریداری شفافیت اور مساوی مواقع کے اصولوں کے مطابق ہونی چاہیے اور معاہدہ ختم ہونے کے بعد تجدید صرف قانون کے مطابق ہی کی جا سکتی ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.