اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی، جس میں وفد نے وزیراعظم کو آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم کا وفد بدھ کے روز وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے آیا۔
کیمبرج کی جانب سے کمپیوٹر سائنس کا پرچہ بھی لیک ہونے کا انکشاف
ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے، جبکہ حکومت کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ملاقات میں وفد کی جانب سے آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے مختلف تجاویز وزیراعظم کے سامنے پیش کی گئیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران وفاقی حکومت کے تحت کراچی میں جاری عوامی فلاحی منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے اور اس نے عوامی فلاح کے اقدامات میں ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایم کیو ایم کی بجٹ تجاویز کا تفصیلی جائزہ لے کر جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے اور اسے پیش کیا جائے۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔