معرکہ حق کی پہلی سالگرہ، ایمرا کے زیر اہتمام لاہور میں ریلی، شمعیں روشن، افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین
الیکٹرونک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن (ایمرا) کی جانب سے معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر ایمرا سینٹر لاہور میں پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی جبکہ شہدائے 9 مئی کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں۔ پرنٹ، الیکٹرونک اور ڈیجیٹل میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور افواجِ پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایمرا کے صدر آصف بٹ، سینئر تجزیہ نگار نعیم مصطفیٰ، سابق سیکرٹری ایمرا ملک ارشد عاصم، حبیب چوہان، عامر بٹ، حافظ عبد الرحمن اور دیگر مقررین نے کہا کہ آج پوری قوم خیبر سے کراچی تک جشنِ فتح منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو عبرتناک شکست سے دوچار کرنے کا کریڈٹ افواجِ پاکستان کو جاتا ہے جبکہ سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے بھارتی غرور کو جس انداز میں توڑا، اس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی جانب سے بھی بھارتی شکست کے اعتراف نے پاکستان کے مؤقف کی توثیق کر دی ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ایمرا سینٹر سے قذافی اسٹیڈیم تک واک کی جبکہ شہدائے پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایمرا سینٹر کے باہر شمعیں روشن کی گئیں۔