Gas Leakage Web ad 1

چلاس/داریل: یومِ معرکۂ حق اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی، مختلف تقریبات کا انعقاد

0

چلاس اور داریل میں “یومِ معرکۂ حق” اور افواجِ پاکستان سے یکجہتی کے اظہار کے لیے مختلف باوقار اور پُرجوش تقریبات منعقد کی گئیں۔ ان تقریبات میں سرکاری افسران، سماجی شخصیات، طلباء اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ملکی دفاع کے لیے افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
ایف بی آر میں ڈیجیٹائزیشن اور اصلاحات کے بہتر نتائج آ رہے ہیں: وزیراعظم

Gas Leakage Web ad 2

چلاس میں ضلعی انتظامیہ دیامر کے زیر اہتمام شہید ہلال پولیس لائن میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا آغاز صبح 9:30 بجے ہوا۔ تقریب میں کمشنر دیامر-استور ڈویژن، ڈی آئی جی، ڈپٹی کمشنر دیامر، ڈی پی او سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور انہی کی بدولت ملک میں امن و استحکام قائم ہے۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

اسی سلسلے میں چلاس میں “معرکۂ حق و افواج پاکستان زندہ باد ریلی” بھی نکالی گئی، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی اسسٹنٹ کمشنر آفس سے شروع ہو کر صدیق اکبر چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء میں سیاسی و سماجی رہنما، علماء کرام، طلباء، وکلاء، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندگان شامل تھے۔ ریلی کا مقصد افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو سراہنا اور موجودہ ملکی حالات میں ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کی سلامتی کی ضامن ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن قوتوں کو یہ واضح پیغام دیا جا رہا ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ علماء کرام نے اس موقع پر کہا کہ وطن کا دفاع ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور افواجِ پاکستان پائندہ باد کے نعرے لگائے، جبکہ ملکی سلامتی کے لیے دعا بھی کی گئی۔

دوسری جانب داریل کے پبلک اسکول میں بھی “یومِ تشکر معرکۂ حق” کے عنوان سے ایک پُرجوش تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت پرنسپل شاکر اللہ نے کی۔ تقریب میں اساتذہ اور طلباء نے بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد طلباء نے حمد و نعت پیش کی۔ بعد ازاں ملی نغمے اور وطن سے محبت پر مبنی تقاریر پیش کی گئیں، جنہوں نے حاضرین کے جذبات کو گرمجوشی سے بھر دیا۔

طلباء نے اپنے خطاب میں افواجِ پاکستان کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا اور وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو یاد کیا۔ تقریب کے دوران “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے، جس سے پورا ہال گونج اٹھا۔ پرنسپل شاکر اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسی تقریبات نوجوان نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلباء کی کردار سازی کے ساتھ ساتھ قومی شعور کو بھی اجاگر کریں۔

تقریب صبح 11:30 بجے شروع ہوئی اور دوپہر 1:00 بجے اختتام پذیر ہوئی۔ مجموعی طور پر چلاس اور داریل میں منعقد ہونے والی ان تقریبات نے اس عزم کو مزید مستحکم کیا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ متحد ہے اور ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.